ساہیوال، مختلف حادثات میں دو افراد جاں بحق ، 7 شدید زخمی

جمعرات 7 جنوری 2016 18:08

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جنوری۔2016ء) مختلف حادثات میں دو افراد جاں بحق جبکہ 7 شدید زخمی ہو گئے ۔ واقعات کے مطابق باؤ عبدالستار اپنی موٹر سائیکل نمبر 7525ایس ایل ایم پر ویگن سٹینڈ پر ایک دوست سے ملنے جا رہا تھا کہ دوسر ی طرف سے آنے والی نامعلوم موٹر سائیکل آٹکرائی جس کے نتیجہ میں باؤ عبدالستار کو شدید زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال ساہیوال میں پہنچایا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا ۔

پولیس تھانہ سٹی نے لاش تحویل میں لیکر تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ متوفی کی موٹر سائیکل سے ٹکر مارنے والے موٹر سائیکل سوار کا سراغ نہیں چل سکا یہاں یہ عمل قابل ذکر ہے کہ باؤ عبدالستار کو جب زخمی حالت میں ایمر جنسی وارڈ لایا گیا تو ایمر جنسی کے ڈاکٹروں اور سٹاف نے اپنے ہی ہسپتال سے تیس سال نوکری کے بعد ریٹائرڈ ہونے والے سٹور کیپر کی لاش کو لاوارث قرار دے دیا تھا لیکن بروقت اس کی بیٹی سٹاف نرس نے اپنی باپ کی لاش کو پہچان لیا ورنہ پولیس اسے لاوارث قرار دیکر دفن کروا رہی تھی۔

(جاری ہے)

شہریوں نے ایمر جنسی وارد کی انتظامیہ کی بے حسی پر احتجاج کیا ہے اور کہا ہے کہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ دریں اثناء ملتان لاہور روڈ پر چک 9-135ایل کے قریب ایک تیز رفتار ہائی ایس ٹیوٹا مسافر وین الٹ جانے کے نتیجہ میں ایک نامعلوم بچی ہلاک جبکہ سات افراد شدید زخمی ہو گئے زخمیوں میں چار مسافروں کی حالت تشویش ناک ہے جن میں سدرہ ارم (30 سالہ ، اقرء 10سالہ ،محمد شفیق50سالہ اور احسان 40سالہ شامل ہے ۔

ٹیوٹا ہائی ایس مسافر وین نمبر 13ایل ای ایس میں ایک خاندان عبدالحکیم سے واپس کھاریا ں جا رہا تھا کہ گاڑی کا اگلا ٹائر پھٹ گیا اور گاڑی قلا بازیا ں کھاتے ہوئے الٹ گئی دو زخمیوں محمد مشتاق اور محمد ابراہیم سمیت سات زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال ساہیوال داخل کروا دیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں