اسلام ایک مکمل امن کا دین ہے جس میں دہشت گردی کی قطعاً گنجائش نہیں ،دہشت گرد اسلام اور امن کے دشمن ہیں ،پیر خضر حیات شاہ کھگہ

ہفتہ 19 دسمبر 2015 20:31

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 دسمبر۔2015ء) ممبر صوبائی اسمبلی پیر خضر حیات شاہ کھگہ نے کہا ہے کہ اسلام ایک مکمل امن کا دین ہے جس میں دہشت گردی کی قطعاً گنجائش نہیں ہے ۔دہشت گرد اسلام اور امن کے دشمن ہیں جن کا واحد علاج ان کی سرکوبی ہے اور حکومت ان کی آخری آماجگاہ تک ان کا پیچھا کر کے انہیں ان کے انجام تک پہنچا کر ہی دم لے گی ۔

وہ یہاں ایک نجی سکول میں سانحہ پشاور کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔تقریب میں سابق ممبر صوبائی اسمبلی پیر ولایت شاہ کھگہ سمیت والدین ،اساتذہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں پر گولیاں چلانے والے جاہل پاگل ہیں جن کا علاج صرف گولی ہے اورقوم یقین رکھے کہ آخری دہشتگرد کی ہلاکت تک ان کا پیچھا کرتے رہیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سانحے نے پوری قوم کو ایک کر دیا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ آپس کا اتفاق ہمیشہ قائم رہے تا کہ کسی کو بھی پاک سرزمین کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ ہو ۔اس موقع پر طلباء و طالبات نے سانحہ پشاور کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے " بڑا دشمن بنا پھرتا ہے جو بچوں سے لڑتا ہے " کے عنوان پر ٹیبلو ز،تقاریر اور ملی نغمے بھی پیش کیے جن کے دوران حاضرین کی آنکھیں اشکبار ہو گئیں ۔تقریب کے اختتام پر شہدا ء کی بلندی درجات اور ملکی سلامتی اور دہشت گردی کے عفریت سے نجات کیلئے خصوصی اجتماعی دعا بھی کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں