ساہیوال کے لوگوں نے (ن) پرجواعتماد کیااسے ٹھیس نہیں پہنچائیں گے، عوام نے پی ٹی آئی کو کلین سویپ کرکے یہ ثابت کردیاکہ ساہیوال وزیراعظم نوازشریف اور شہبازشریف کا دوسراگھر ہے

صوبائی وزیر عشروزکوٰۃ ملک ندیم کامران کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 21 نومبر 2015 22:34

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 نومبر۔2015ء) صوبائی وزیر عشروزکوٰۃ ملک ندیم کامران نے کہاہے کہ ساہیوال کے عوام نے پی ٹی آئی کو کلین سویپ کرکے یہ ثابت کردیاہے کہ ساہیوال مسلم لیگ ن اور میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف کا دوسراگھر ہے ۔ ساہیوال کے لوگوں نے جو اعتماد دیااسے کبھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ اب 100کی ٹیم میدان میں آئی ہے جو عوام کے مسائل حل کریگی۔

وہ ہفتہ کویہاں مسلم لیگ ن کے راہنما عمران ادریس چوہدری کی طرف سے مسلم لیگ ن کے نو منتخب چیئر مین ‘وائس چیئر مین اورکونسلرزکے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر نومنتخب چیئر مین سفیان اکرم ‘مسعود خان مہمند ‘ظفر اشرف ‘حاجی عبدا للطیف ‘عامر عزیز ‘ملک یونس گوگا ‘ اسد علی خان بلوچ ‘ محمد ندیم چوہدری ‘ ملک عمرفاروق ‘ساجد نعیم ہیپی کے علاوہ وائس چیئر مین اور کونسلرز کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عوام نے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو کامیاب کروا کر پی ٹی آئی ‘جماعت اسلامی ‘پیپلزپارٹی اور سابق ایم پی اے کے صاحبزادے ہارون مغل کو بری طرح شکست دیکر یہ ثابت کردیاہے کہ ساہیوال مسلم لیگ ن اور شریف برادران کا گھر ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے ممبرقومی اسمبلی پیر سید عمران احمدشاہ نے نومنتخب چیئرمینوں اوردیگر پر زوردیا کہ وہ تلخیاں بھلاکر اور انتخابی رنجشیں ختم کرکے بلا امتیاز عوام کی خدمت کریں اور ناراض لوگوں اور لیگی کارکنوں کو منائیں ۔

انہوں نے کہاکہ اب آپ کو موقع ملاہے کہ شہر اور شہریوں کی خدمت کریں اور2018کے عام انتخابات میں 2013کے رزلٹ سے بہتر رزلٹ دیں اور یہ اسی صورت ممکن ہو گا جب آپ عوام کی بہتر خدمت کریں۔تقریب سے عمران ادریس ‘آئی زیڈ بھٹی اور راؤ نذر فرید نے بھی خطاب کیا۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں