بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں بھی مسلم لیگ( ن) کلین سویپ کریگی، ملک کے حالات بالکل ٹھیک ہیں، اپوزیشن واویلا کرکے ملکی حالات خراب کرنے کے درپے ہے

مسلم لیگ( ن) کے رہنما عمران چوہدری کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 14 نومبر 2015 21:32

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 نومبر۔2015ء ) مسلم لیگ( ن) کے رہنما عمران ادریس چوہدری نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں بھی مسلم لیگ ن کلین سویپ کریگی اور پنجاب بھر میں بڑی واضح اکثریت سے مسلم لیگ ن کے امیدوار ان کامیاب ہوں گے۔ ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلہ میں پی ٹی آئی کو بری طرح شکست ہوئی تھی مسلم لیگ ن سابقہ روایت برقرار رکھتے ہو ئے 19نومبر کو شکست فاش دے گی اور شکست ہونے کے بعد عمران خان اور ان کے حواری ایک بار پھر دھاندلی کا رونا روتے رہیں گے۔

انہوں نے الزام عائد کرتے ہو ئے کہاکہ پی ٹی آئی کے امیدوار وں کو خفیہ مالی امداد کے تحت سپورٹ کیاجارہاہے ان کے فلیکسز وغیرہ پرنٹ کرکے انہیں دی جارہی ہیں اور ایسا لگتاہے کہ بیرون ممالک سے پی ٹی آئی کو خفیہ فنڈنگ کی جارہی ہے لیکن عوام اب پی ٹی آئی کے چکر میں نہیں آئیں گے اور انہیں بری طرح شکست سے دوچار کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اب چاہیے کہ وہ رونے سے دھونے کی سیاست کو چھوڑ دیں عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے اور اب انہیں اسمبلی میں جاکر وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف کے ساتھ ملک کی تعمیروترقی کیلئے اپنا کردار اداکرناچاہیے۔

انہوں نے کہاکہ ملک کے حالات بالکل ٹھیک ہیں اور اپوزیشن واویلا کرکے ملکی حالات خراب کرنے کے درپے ہے لیکن مسلم لیگ ن کی حکومت ملک میں امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے تمام عملی اقدامات اٹھائے گی۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں