ملک بھر میں حضرت امام حسین کا یوم شہادت (کل) مذہبی عقیدت واحترام سے منایا جائے گا ‘ مجالس وجلوسوں کے روٹس پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل

جمعہ 23 اکتوبر 2015 19:12

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 اکتوبر۔2015ء)ملک بھر میں(کل)ہفتہ کو حضرت امام حسین  کا یوم شہادت مذہبی عقیدت واحترام سے منایا جائے گا ‘ مجالس وجلوسوں کے روٹس پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کرلئے گئے ۔ پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ اور امام بارگاہوں ‘مساجد اور حساس مقامات کی کڑی نگرانی جاری ہے۔

ساہیوال میں غلہ منڈی سے انجمن حیدریہ رجسٹرڈ کے زیر اہتمام آج صبح 8بجے ماتمی جلوس نکالا جائے گا جو مختلف بازاروں سے ہوتا ہوا محلہ فرید گنج پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا ۔یہاں دوپہر کو پیر چراغ شاہ کی رہائش گاہ سے جلوس برآمد ہوگا اور دیگر قریبی مقامات سے نکلنے والے جلوس مختلف بازاروں سے ہو تے ہو ئے مرکزی امام بار گاہ قصر بتول سے علم ‘ذوالجناح اور تعزیے کے بڑے جلوس میں شامل ہوجائیں گے جو دیپالپور بازار ‘پاکپتن بازار ‘جناح چوک ‘لیاقت چوک اور کربلا روڈ سے ہوتے ہو ئے رات دس بجے کے قریب کربلا مائی شاہ میں اختتام پذیر ہوگا۔

(جاری ہے)

جلوس کے دوران مختلف مقامات پر شیعہ ذاکرین و علماء مختلف مقامات واقعہ کربلا کے بارے میں تفصیلی روشنی ڈالیں گے۔ ریسکیو 1122اور محکمہ صحت کا عملہ زخمی عزاداروں کی مرہم پٹی کرے گا۔ دریں اثناء ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمدباقر رضا کی ہدایت پر جلوس کے روٹس سے ملحقہ گلیاں اوربازار قناتوں اور خاردارتاروں کے ذریعے عارضی طور پر سیل کردیئے گئے ہیں ۔

ضلع بھر میں 12مجالس اور 61جلوس برآمد ہونگے جن کی فول پروف سکیورٹی کیلئے 1207پولیس افسران واہلکاران ‘ 237قومی رضا کار اور900سے زائد والنٹیئرز کی ڈیوٹی لگادی گئی جبکہ جلوس کے روٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے ہیں ۔ عزاداروں کے داخلے کیلئے داخلی و خارجی راستہ ایک ہی مقام پر الگ الگ بنایا گیا ہے اور اس مقام پر عزا داروں کو جامہ تلاشی ‘میٹل ڈی ٹیکٹر اور واک تھرو گیٹس کے ذریعے گزاراجائے گا۔

ڈی پی او ساہیوال محمدباقر رضا نے بتایا ہے کہ مرکزی جلوس کے روٹس کی سراغ رساں کتوں کی مدد سے چیکنگ اور جلوس کو ڈرون کیمرے ‘سی سی ٹی وی کیمرے اور ہینڈی کیمروں کی مدد سے مانیٹرکیاجائے گا ۔انہوں نے اپیل کی ہے کہ عوام کسی بھی مشکوک شخص ‘مشتبہ اشیاء یا کوئی اطلاع 040-9200050پر دے سکتے ہیں اس کے علاوہ ریسکیو 15یا متعلقہ تھانوں میں اطلاع دی جاسکتی ہے۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں