ساہیوال ،ضلعی پولیس نے یوم عاشور کے حوالہ سے سکیورٹی پلان جاری کردیا

1207پولیس افسران واہلکاران ‘ 237قومی رضا کار اور900سے زائد والنٹیئرز کی ڈیوٹی لگادی گئی

جمعرات 22 اکتوبر 2015 21:16

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اکتوبر۔2015ء) ضلعی پولیس یوم عاشور کے حوالہ سے سکیورٹی پلان جاری کردیاہے اور 1207پولیس افسران واہلکاران ‘ 237قومی رضا کار اور900سے زائد والنٹیئرز کی ڈیوٹی لگادی گئی۔ضلع بھر میں 12مجالس اور 61جلوس برآمد ہونگے۔ اے کیٹیگر ی کی مجالس ایک ‘ بی 6اور سی 5ہوں گی۔ اے کیٹیگری کے جلوس 12 ‘بی33اورسی 15ہوں گے جبکہ ایلیٹ فور س کی 6ٹیمیں جلوس کے ہمراہ اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی الگ ہوگی۔

یہ بات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد باقررضا نے اخبار نویسوں سے ایک ملاقات کے دوران بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ یوم عاشور کے حوالہ سے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کئے ہیں۔ جلوس کے روٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے ہیں ۔عزاداروں کے داخلے کے لئے داخلی و خارجی راستہ ایک ہی مقام پر الگ الگ ہوگااور اس مقام پر عزا داروں کو جامہ تلاشی ‘میٹل ڈی ٹیکٹر اور واک تھرو گیٹس کے ذریعے گزارہ جائے گا۔

(جاری ہے)

مین جلوس کے روٹس سے ملحقہ گلیوں اور بازاروں کو قناتوں اور خاردار تاروں کے ذریعے عارضی طورپر سیل کیاجائے گا اور چھت ڈیوٹی اور سفید پار چات ڈیوٹی بھی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی جلوس کے روٹس کی سراغ رساں کتوں کی مدد سے چیکنگ ہوگی اور جلوس کو ڈرون کیمرے ‘سی سی ٹی وی کیمرے اور ہینڈی کیمروں کی مدد سے مانیٹرکیاجائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی جلوس کے ارد گرد جوگی چوک‘ مزدور پلی‘ بابے والا چوک‘ صدر چوک ‘لیاقت چوک‘ ٹینکی چوک اور داؤد چوک میں ناکہ بندی پوائنٹس قائم کئے ہیں جہاں پر پولیس اور ٹریفک پولیس کے علاوہ دیگر اہلکاروں کی بھی ڈیوٹی ہوگی ۔

انہوں نے بتایا کہ کنٹرول روم قائم کردیاگیا ہے اور عوام کسی بھی مشکوک شخص ‘مشتبہ اشیاء یا کوئی اطلاع 040-9200050پر دے سکتے ہیں اس کے علاوہ ریسکیو 15یا متعلقہ تھانوں میں اطلاع دی جاسکتی ہے۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں