معیاری خوراک کی فراہمی اور حفاظت ہر انسان کی ضرورت اور بنیادی حق ہے،ڈی سی او ساہیوال

جمعہ 16 اکتوبر 2015 21:32

ساہیوال( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 اکتوبر۔2015ء )ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن آفیسر آصف اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ معیاری خوراک کی فراہمی اور حفاظت ہر انسان کی ضرورت اور بنیادی حق ہے جس کیلئے حکومت نے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں اور ان کے ثمرات بھی عوا م تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں ۔وہ جمعہ کو ضلع کونسل ہال میں عالمی یوم خوراک کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

جس کا اہتمام محکمہ خوراک کی طرف سے کیا گیا تھا ۔سیمینار میں ڈی ایف سی سیاف علی عباس‘ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سعد بن سعیداور چیئر مین پی ایچ اے حاجی پیر احسان الحق ادریس‘ سول سوسائٹی‘طلباء و طالبات اور مختلف کمپنیوں کے نمائندوں سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ پیور فوڈ ایکٹ میں ترمیم کے بعد مضر صحت اشیاء سے متعلقہ کسی بھی کام کرنے والے کو 3 سال تک قید اور 10 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

لائسنس کے بغیر خوراک سے متعلقہ کوئی بھی کام جرم تصور کیا جائے گا اور عوام میں اس بات کا شعور اجاگر کرنے کیلئے آگہی مہم کی اشد ضرورت ہے ۔ڈی سی او آصف اقبال چوہدری نے کہا کہ خوراک میں تو ہم خود کفیل ہو چکے ہیں لیکن اس کی حفاظت اور خالص پن ہمارے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے اور ملاوٹ شدہ اشیائے صرف کے استعمال سے معاشرے پر کئی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملاوٹ کرنے والے معاشرے کے ناسور ہیں جو دوسروں کی جانوں سے کھیل کر اپنے آپ کو جہنم کی آگ میں دھکیل رہے ہیں ۔ سیمینار سے ڈاکٹر سعد بن سعید ،پروفیسر جلیل بٹ اور فوڈ ٹیکنالوجسٹ محمد اجمل سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اورخوراک کے عالمی دن کی افادیت اور تاریخ پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ سیمینار کے بعد عوام میں خوراک کے عالمی دن کی اہمیت اجاگر کرنے اور آگاہی پیدا کرنے کیلئے ایک ریلی کا بھی اہتمام کیا گیا جو ضلع کونسل ہال سے شروع ہو کر ڈی سی او آفس کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں