محرم الحرام کے دوران ساہیوال رینج میں امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں گے،آر پی او

منگل 6 اکتوبر 2015 21:37

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 اکتوبر۔2015ء ) ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال غلام محمودڈوگر نے کہاہے کہ محرم الحرام کے دوران ساہیوال رینج میں امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ مذہبی منافرت پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ علماء کرام جلوس و مجالس کے منتظمین اور صحافی حضرات محرم الحرام کے دوران مثالی امن ‘ بھائی چارے کی فضا کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔

وہ منگل کویہاں اپنے دفتر میں محرم الحرام کے سلسلہ میں ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال محمد باقر رضا ‘ اے ڈی آئی جی ریجن سید ملازم شاہ ‘ مہر وسیم افضال اوردیگرافسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی عالم یا ذاکر کی طرف سے نازیبا الفاظ کہنے پر دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے اور کوئی رورعائت نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران ساہیوال ڈویژن میں 67علماء و ذاکر ین کے داخلے پر پابندی اور 64 پر زبان بندی کی گئی ہے اور جلوس و مجالس کے منتظمین سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی دوسرے ضلع سے کسی عالم یا ذاکر کو نہ بلائیں بلکہ مقامی علماء وذاکرین کو خطاب کی دعوت دیں۔ انہوں نے بتایا کہ جلوس ومجالس کے منتظمین کو جلوس کے روٹس اور ٹائم کی پابندی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔

وال چاکنگ اور لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی اور خلاف ورزی کرنیوالے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ساہیوال رینج میں463جلو س اور 1762مجالس منعقد ہونگی جس کی سکیورٹی کیلئے 16ہزارکے قریب پولیس افسران وا ہلکاران اور قومی رضا کار ڈیوٹی انجام دینگے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دہشتگردوں یا مشکوک افراد کے بارے میں اطلاع دینے کیلئے 0336-9200555پر ایس ایم ایس کریں ۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں