پاکستان کی تاجر برادری تیونس کی جغرافیائی حیثیت کا فائدہ اٹھا ئے ، باہمی تجارت کو فروغ دیاجائے ،اس سے یورپ کی منڈیوں کو سامان کی ترسیل میں بیحد آسانی ہو گی

تیونس کے سفیر عادل العربی کا ساہیوال چیمبر آف کامرس سے خطاب

بدھ 23 ستمبر 2015 21:00

ساہیوال( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 ستمبر۔2015ء) تیونس کے سفیر عادل العربی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاجر برادری تیونس کی جغرافیائی حیثیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے باہمی تجارت کو فروغ دے جہاں سے یورپ کی منڈیوں کو سامان کی ترسیل میں بیحد آسانی ہو گی ۔پاکستان اور تیونس کے درمیان شاندار سیا سی،مذہبی اور ثقافتی برادرانہ تعلقات ہیں جنہیں اقتصادی تعلقات میں بھی ڈھالا جانا چاہیے۔

وہ بدھ کو یہاں ساہیوال چیمبر آف کامرس کے ممبران سے خطاب کر رہے تھے جس میں صدر سہیل انجم انصاری کے علاوہ چوہدری ارشد حسین چوہدری سلطان محمود ،کامران سعید ،احسن و دیگر ایگزیکٹو کمیٹی او ر چیمبر ممبران نے بھی شرکت کی۔انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی روابط مضبوط نہ ہونے کی بنیادی وجہ دونوں ملکوں کے تاجروں کے درمیان باہمی روابط کی کمی ہے جسے تاجر برادری کو باہمی دوروں سے مضبوط بنانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انھوں نے امید ظاہر کی کہ اسی سال ہونے والے باہمی تجارتی معا ہدے سے دونوں ملکو ں کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ حاصل ہو گا۔انھوں نے چیمبر اور تاجروں کو یقین دلایا کہ تیونس کا سفارت خانہ باہمی تجارت کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گا ۔اس سے پہلے چیمبر کے صدر حاجی سہیل انجم انصاری نے کہا کہ ساہیوال کا خطہ اپنی زرعی پیداوار اور لائیو سٹاک میں پوری دنیا میں مشہور ہے اور انہی دونوں شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جا چاہیے ۔انھوں نے کہا کہ ساہیوال سے لیدر مصنوعات اور چاول کی برامد کی بہت گنجائش موجود ہے جس کیلئے مقامی تاجر تیونس کی مارکیٹ کا بھی جائزہ لیں گے۔ تقریب کے آخر میں معزز مہمان کو چیمبر کی شیلڈ اور تحائف پیش کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں