انسانی جانوں کے ساتھ کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ،کمشنر و چیئر مین ٹاسک فورس جعلی ادویات و عطائیت عظمت محمود

ہفتہ 5 ستمبر 2015 18:20

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء )کمشنر و چیئر مین ٹاسک فورس برائے جعلی ادویات و عطائیت عظمت محمود نے کہا ہے کہ انسانی جانوں کے ساتھ کھیلنے والے کسی رعایت کے قابل نہیں لہٰذا انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں جعلی ادویات اور عطائیت کے خلاف جاری مہم کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں تینوں اضلاع کے ڈی سی اوز اور محکمہ ہیلتھ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ عطائیت کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے ڈویژن کے 113 کلینک سیل کیے گئے ہیں اور مقدمات درج کروا کے رپورٹ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھجوا دی گئی ہے جبکہ وہاں موجود مریضوں کو ڈی ایچ کیو ریفر کیا گیا ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر جنرل اشفاق الرحمن خان نے مہم کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ساہیوال کے 20 ‘ضلع اوکاڑہ کے 39 اور ضلع پاکپتن میں 54 کلینک سیل کیے گئے ہیں جہاں رجسٹرڈ میڈیکل پریکٹشنر کی عدم موجودگی میں مریضوں کا علاج کیا جا رہا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ان ہسپتالوں میں بابا فرید شادمان ٹاؤن‘النور کلینک اینڈ میٹرنٹی ہسپتال اورنوید ہسپتال پاکپتن چوک ساہیوال ‘ حسیب ہسپتال چیچہ وطنی ‘ یونانی دوا خانہ چیچہ وطنی‘طارق میڈیکل ہیلتھ کیئر ہوتہ روڈ پاکپتن‘جاوید سرجیکل میٹرنٹی ہسپتال عارفوالا‘علی کلینک ایند میٹرنٹی ہوم نور پور شامل ہیں ۔عوامی حلقوں نے ڈویژنل ٹاسک فورس کی اس کارروائی کو عطائیت کے خلاف ایک اہم قدم قرار دیا اور امید ظاہر کی ہے کہ ایسی مزید کارروائیوں سے عطائیت کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا ۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں