قومی ایکشن پلان کی تکمیل کیلئے مدارس اور مساجد کا تعاون حکومت کے ساتھ جاری رہے گا ، کسی جماعت یا گروہ کو ملک میں طاقت کے زور پر اپنا ایجنڈا نافذ کرنے کا اختیار نہیں دیا جا سکتا

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کاتربیتی نشست سے خطاب

ہفتہ 22 اگست 2015 18:55

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اگست۔2015ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہاہے کہ قومی ایکشن پلان کی تکمیل کے لیے مدارس اور مساجد کا تعاون حکومت کے ساتھ جاری رہے گا۔ کسی جماعت یا گروہ کو یہ اختیار نہیں دیا جا سکتا کہ وہ پاکستان میں طاقت کے زور پر اپنا ایجنڈہ نافذ کرے ۔ مدارس اور مساجد کے سرچ آپریشن پر بعض تحفظات کے باوجود مکمل تعاون کیا گیا ۔

وہ ہفتہ کو یہاں تربیتی نشست سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر مولانا زاہد محمود قاسمی ، مولانا شفیع قاسمی ، مولانا ایوب صفدر ، مولانا حافظ محمد امجد، مولانا انوار الحق ، مولانا محمد مشتاق لاہور ی ، مولانا طارق ندیم ، قاری شکیل الرحمن ، مفتی عمر فاروق بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ندائے پاکستان کے عنوان سے یکم اگست سے 31 اگست تک چلائی جانے والی مہم کا بنیادی مقصد عوام کے اندر اتحاد اور یکجہتی پیدا کرنا اور مختلف مذاہب اور مسالک کے درمیان مکالمہ کی راہ کو ہموار کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں مدارس اور مساجد پر جس طرح قومی پرچم لہرائے گئے وہ مذہبی طبقے کی پاکستان کے ساتھ محبت کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے اور بھارت کے ساتھ بھی امن کی بات کی جا رہی ہے لیکن بعض قوتیں پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے ساتھ کھیلنا چاہتی ہیں اور ملک کے اندر فرقہ وارانہ تشدد اور بین المذاہب تصادم کی راہ ہموار کرنا چاہتی ہیں ، ان قوتوں کا مقابلہ باہمی اتحادسے ہی ممکن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ان کے ولی عہد اور ان کی کابینہ نے نریندر مودی کے پاکستان کے خلاف عزائم کو ناکام بنا کر پاکستان سعودی عرب کی لازوال دوستی اور احترام کے رشتے کو مزید مضبوط کیا ہے جس پر پاکستانی قوم ان کی ممنون ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس عربیہ اور مذہبی طبقہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے ہر سطح پر تعاون کے لیے تیار ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 24 اگست کو کراچی میں ندائے پاکستان کانفرنس ہو گی جس میں تمام مکاتب فکر اور مذاہب کے نمائندے اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے نمائندے شریک ہوں گے۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں