کمشنر ساہیوال ڈویژن کا گرلز کالجز فرید ٹاؤن اور گوگیرہ میں فرسٹ ایئر کی کلاسز شروع کرنے کا حکم

منگل 28 جولائی 2015 16:58

چیچہ وطنی ۔ 28 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جولائی۔2015ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن سہیل شہزاد نے نئے تعمیر ہونیوالے گرلز کالجز فرید ٹاؤن اور گوگیرہ میں اسی سیشن سے فرسٹ ایئر کی کلاسز شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے محکمہ بلڈنگ کو ہدایت کی ہے کہ 15 دن کے اندردونوں کالجوں کو محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے حوالے کیا جائے ۔انہوں نے دونوں کالجوں میں ٹیچنگ سٹاف کو تعینات کرنے کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ داخلوں کے فوراً بعد پڑھائی کا عمل شروع ہو سکے ۔

اپنے دفتر میں مالی سال 2014-15 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے محکمہ تعلیم میں جاری دیگر منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی بھی ہدایت کی تا کہ ساہیوال ڈویژن کے طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر آ سکیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈی سی او ساہیوال آصف اقبال چوہدری اورڈی سی او اوکاڑہ قیصر سلیم کے علاوہ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حبیب جیلانی وینس اور متعلقہ محکموں کے ڈویژنل افسروں نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس کو بتایا گیاکہ یونیورسٹی آف ساہیوال کا پی سی ون تیار کر کے محکمہ بلڈنگ کوبھجوا دیا گیا ہے جس کے تحت یونیورسٹی کی تعمیر پر ایک ارب 72 کروڑ 4 لاکھ روپے لاگت آئے گی ۔کمشنر نے ڈائریکٹر کالجز کو ہدایت کی کہ منصوبے کی منظوری کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں تا کہ تعمیراتی کام کا آغاز ہو سکے ۔اجلاس میں کمشنر نے ساہیوال میں تعمیر ہونیوالے نئے ان ڈور جمنازیم کی خراب حالت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایک کمیٹی بھی قائم کر دی جو 15 دن میں رپورٹ تیار کر کے ناقص تعمیر میں ملوث ذمہ داروں کا تعین کرے گی ۔کمشنر سہیل شہزاد نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ نئے مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کی 31 جولائی تک منظوری کو یقینی بنائیں تا کہ حکومت سے فنڈز جاری کروا کر کام کا آغاز کیا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں