ساہیوال،واپڈا حکام نے وزیراعظم کے احکامات ردی کی ٹوکر ی کی نذر کردیئے،تراویح وسحری کے اوقات میں لوڈشیڈنگ جاری

جمعہ 19 جون 2015 19:59

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 جون۔2015ء) واپڈا حکام نے وزیراعظم کے احکامات ردی کی ٹوکر ی کی نذر کردیئے ‘سحری ‘تراویح ‘افطاری اور نماز کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ‘روزہ دار بچے ‘ بوڑھے اور دیگر افراد انتہائی پریشان ‘لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیاجائے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان میاں محمدنواز شریف نے واپڈا حکام کو رمضان المبار کے دوران سحری ‘ تراویح اور افطاری کے اوقات کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا حکم دیا تھا لیکن واپڈا حکام نے وزیراعظم کے حکم کو ردی کی ٹوکر ی کی نذر کردیا ۔

گزشتہ رات تراویح ‘ سحری اور نماز فجر کے بعد سارا دن وقفہ وقفہ سے عارف والا ،کمیر ،نور شاہ ،غازی آباد ، کسو وال اورشہر اوردیگر مضافات کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا جس کے باعث روزہ دار بچے ‘بوڑھے ‘ خواتین اور نوجوان دن بھر پریشان رہے ۔

(جاری ہے)

شہر کے مختلف علاقوں کی بعض مساجد میں وضو کیلئے پانی کی قلت بھی رہی ۔

واپڈا نے بجلی کی بندش کا سلسلہ دن بھر جاری رکھا جس کی وجہ سے شہری شدید پریشانی کا شکار رہے ڈی ایچ کیو اسپتال میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی غیر اعلانیہ ہونے سبب آج مریضوں کے آپریشن ملتوی کر دئیے گئے جب ایس ای منیجر آپریشن ساہیوال سرکل چوہدری محمد صدیق سے رابطہ کیا گیا تو اور واپڈا کے بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے بڑھ جانے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ رات سحری کے وقت سارا لوڈ ڈالنے کی وجہ سے 8گرڈ اسٹیشنوں پر خرابی آگئی جس کی وجہ سے غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ کر نا پڑی تاہم بجلی سپلائی اسلام آباد اور ملتان میپکو آفس سے کنٹرول کر نے کی وجہ سے سپلائی کی معطلی ان کے کنٹرول میں نہ ہے لیکن گرڈ اسٹیشنوں پر خرابی کو دور کر لیا گیا ہے۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں