ساہیوال، حکومت ملک سے توانائی بحران کے خاتمے کو اولین ترجیح دے رہی ہے، پیر سید عمران احمد شاہ

منگل 16 جون 2015 19:38

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جون۔2015ء) مسلم لیگ نواز کے علماء و مشائخ ونگ کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی پیر سید عمران احمد شاہ کہاہے کہ مسلم لیگ کی حکومت ملک سے توانائی بحران کے خاتمے کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور دسمبر 2017 تک 10 ہزار میگا واٹ سے زائد بجلی سسٹم میں شامل کر کے ملک بھر سے بجلی کی قلت کا خاتمہ کر دیا جائے گا جس سے صنعتی ترقی کی رفتار تیز ہو گی اور ملک ترقی کرے گا ۔

یہ بات انہوں نے طارق بن زیاد کالونی گرڈ اسٹیشن میں 62 لاکھ روپے سے مکمل ہونیوالے فیڈر کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جس سے شہر کے ایک بڑے حصے میں اوور لوڈنگ اور ٹرپنگ کا خاتمہ ہو گیا ہے ۔اس موقع پر ایس ای واپڈا چوہدری محمد صدیق ‘ایکسین چوہدری محمد نعیم‘چوہدری عبدالحمید اور سہیل بشیر اور مسلم لیگ کے مقامی رہنماؤں عمران بلوچ ‘راجہ تنویر احمداور میاں طارق رشید بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پچھلے دو سال کے دوران ساڑھے 4 کروڑ روپے کی لاگت سے ساہیوال شہر اور گردو نواح میں بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے پر خرچ کیے گئے ہیں جبکہ دو کروڑ روپے سے 22 دیہات کو بھی بجلی فراہم کی جا رہی ہے اور گرمیوں میں عوام کو بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کیلئے 57 لاکھ روپے سے 17 نئے ٹرانسفارمرز بھی خریدے گئے ہیں انہوں نے یقین دلایا کہ رمضان المبارک میں سحر و افطار کے اوقات میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائیگی ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں