ساہیوال، سنگین مقدمات میں مطلوب بدنام زمانہ اشتہاری ملزم وحید پولیس مقابلے میں ہلاک

منگل 19 مئی 2015 19:24

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 مئی۔2015ء) سنگین مقدمات میں مطلوب بدنام زمانہ اشتہاری ملزم وحید عرف وحیدا پولیس مقابلے میں ہلاک۔ ملزم ڈکیتی ، راہزنی اور دوران ڈکیتی قتل کی درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھا ۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ادریس احمد نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق ملزم وحید عرف وحیدا نے مورخہ 19.05.15کو 12:30بجے رات اپنے دو نامعلوم ساتھیوں کے ساتھ مل کر ایک عمران نامی شخص سے موٹر سائیکل 4462/SLK ، نقدی 4000/-روپے اور موبائل فون چھینا ۔

اس اطلاع پر غلام رسول SIمعہ ملازمان نے جھال روڈ پر ناکہ بندی کی۔ دوران ناکہ بندی بلال کالونی کی طرف سے 2عدد موٹر سائیکل 125پر تین اشخاص آئے ، جو پولیس پارٹی کو دیکھ کر جھال روڈ کی طرف فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

جس پر بذریعہ وائرلیس جملہ موبائل ہائے سٹی سرکل کو مطلع کیا گیا اور ملزمان کا پیچھا کیا گیا۔ ملزمان نے نہر LBDCکے شمالی کنارہ سے 82/6Rکی طرف اپنا رخ کیا اور پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس نے بھی حفاظت خود اختیاری کے تحت ہوائی فائرنگ کی۔ اس دوران ملزمان کی فائرنگ سے کنسٹیبل خضر حیات نمبر 884/Cمضروب ہو گیا۔ SHOتھانہ فتح شیر معہ دیگر ملازمان، SHOتھانہ غلہ منڈی معہ ملازمان بھی موقع پر پہنچ گئے۔ ملزمان پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے 82/6Rکی طرف فرار ہوئے۔ پولیس پارٹی نے تعاقب جاری رکھا۔ کچھ دیر بعد ملزمان کی جانب سے فائرنگ رکنے پر موقع پر جا کر دیکھا تو ایک ڈاکو ہلاک ہو چکا تھا۔

جس کی شناخت وحید عرف وحیداولد عبدالمجید قوم راجپوت سکنہ بھٹو نگر کے نام سے ہوئی ہے۔جو پولیس کودوران ڈکیتی قتل،ڈکیتی، راہزنی اور اقدام قتل کی چالیس سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ جس کے قریب ہی موٹر سائیکل ہنڈا125نمبر 4462/SLKگری ہوئی تھی جو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو چکا تھا۔ جس کے دائیں ہاتھ میں پسٹل 30بور لوڈ شدہ تھا۔ مذکورہ کی جامہ تلاشی پر موبائل فون ڈکیتی شدہ اور رقم 2000/-روپے برآمدہوئی ہے۔ جسے قبضہ پولیس میں لیا گیا۔ ملزم کے دوساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہو ئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ پولیس نے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیاہے ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں