ساہیوال گائے کی ترویج و ترقی کے لیے جتنے فنڈز درکار ہوئے حکومت پنجاب فراہم کرے گی‘چوہدری محمدارشد جٹ

جمعرات 23 اپریل 2015 14:54

ساہیوال ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23اپریل۔2015ء ) ساہیوال گائے آر سی سی ایس سی جھنگ کے نویں میلہ کی تقریب میں چوہدری محمدارشد جٹ معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے لائیوسٹاک نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پرمحکمہ لائیوسٹاک کے سینئرڈائریکٹر افتخارعلی چوہدری ڈائریکٹرہیڈکوارٹر،ڈاکٹرعبدالرحمٰن شیخ ڈائریکٹربریڈامپروومنٹ، ڈاکٹرخالد خان ڈائریکٹرلائیوسٹاک فارمز، ڈاکٹراسرارحسین چوہدری ڈائریکٹرکمیونیکیشن اینڈ ایکسٹینشن، ڈاکٹرمنصوراحمدڈائریکٹرسمال ریومیننٹس اور دیگرڈسٹرکٹ لائیوسٹاک افسران اس موقع پرموجود تھے۔

ساہیوال کیٹل بریڈرز سوسائٹی اور ایسوسی ایشن کے عہدیداران آفتاب احمدخان وٹو، صفدرسلیم سیال اورنامورساہیوال کیٹل بریڈرز بھی اپنے خوبصورت جانوروں کے ہمراہ اس میلے میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرمحمدشفیق ڈائریکٹرRCCSCجھنگ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ ساہیوال گائے کے تحفظ کے لیے 2003میں RCCSCجھنگ کی بنیادرکھی گئی اس وقت FAOکی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں ساہیوال گائے ناپیدہونے والی تھی اورصرف 10ہزارجانورباقی رہ گئے تھے۔

اس ادارے نے 11سال کے عرصہ میں پنجاب کے 21 اضلاع میں ساہیوال گائے پالنے والے مویشی پال حضرات کو ان کی دہلیزپر مفت حفاظتی ٹیکہ جات، جدیدطریقہ نسل کشی، ڈی ورمنگ اورعلاج ومعالجہ کی سہولیات فراہم کیں۔ساہیوال گائے کے پہلے میلے کے نتائج کے مطابق 18لٹردودھ دے کرگائے نے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی لیکن اب 2014میں اسی ادارے کے رجسٹرڈ بریڈرکی گائے نے 39.04کلوگرام دودھ دے کرعالمی ریکارڈ قائم کیا۔

میلے کی تقریب میں پروفیسرڈاکٹرمحمدسرور،پروفیسرڈاکٹرمحمدیونس کے علاوہ نامورسائنسدانوں نے بھی شرکت کی اوراپنے مقالہ جات پڑھے۔ ساہیوال کیٹل بریڈرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے مہمان خصوصی چوہدری محمدارشد جٹ معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے لائیوسٹاک اور محکمہ لائیوسٹاک سے اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہاکہ ساہیوال گائے کے سالانہ میلے کاانعقاد اپریل کی بجائے معتدل موسم میں کروایاجائے۔

اس موقع پرمہمان خصوصی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مجھے آج اپنے ملک کے محنتی مویشی پال حضرات سے گفتگوکرتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے کہ محکمہ لائیوسٹاک کے افسران اورمویشی پال حضرات کی محنت کاصلہ ہے کہ آج ساہیوال گائے نے دنیابھرمیں دودھ دینے کاعالمی ریکارڈ قائم کیاہے انشااللہ وہ دن دورنہیں جب ملک میں تمام گائیں روزانہ 20لٹرسے زیادہ دودھ دیں گی۔

اس میلے میں ساہیوال گائے،ویہڑیوں،بچھڑیوں اوربچھڑوں کی 7کلاسز میں حسن وخوبصورتی کے مقابلہ جات منعقدکرائے گئے اورمجموعی طورپر 21مویشی پال حضرات کے جانوروں میں حسن وخوبصورتی کے مقابلہ جات منعقدکرائے گئے جبکہ ساہیوال گائے کے ریڈ گولڈ کلب کے 20ممبران میں روزانہ 20لٹر سے زیادہ دودھ دینے والی گائیوں کے مالکان کو 5لاکھ 35ہزارروپے کے نقدانعامات ،تعریفی اسناداوریادگار کپ تقسیم کئے گئے۔

میلے کی اس تقریب میں ڈائریکڑکمیونیکیشن اینڈ ایکسٹینشن،ایل پی آرآئی بہادرنگراوکاڑہ، RCCSCجھنگ، فوڈرریسرچ انسٹیٹیوٹ سرگودھا، ڈیزیزڈائیگناسٹک لیبارٹری، ICIاوردیگرفارماسیوٹیکلز کے سٹالز بھی آگاہی کے لیے لگائے گئے۔ مہمان خصوصی چوہدری محمدارشد جٹ معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے لائیوسٹاک نے تمام شرکاء اورمیڈیاکے علاوہ میلے کے منتظمین اورتمام بریڈرحضرات کاشکریہ اداکیاکہ انہوں نے اس میلے کی رونق کودوبالاکیا۔ چوہدری محمدارشد جٹ معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے لائیوسٹاک نے اعلان کیاکہ آئندہ ساہیوال گائے میلے کاانعقاد اپریل کی بجائے مارچ کے مہینے میں کیاجائے گا۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں