ضلعی ورکرز کنونشن کے بعد پارٹی میں انتخابات کرائے جائیں گے‘ منظور وٹو،

بلاول بھٹو جلد پاکستان میں ہوں گے‘ صحافیوں سے گفتگو

بدھ 14 جنوری 2015 22:39

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے انکشاف کیا ہے کہ پیپلزپارٹی کے ضلعی ورکرز کنونشن کے بعد پارٹی انتخابات کرائے جائیں گی جس سے پارٹی ایک قوت بن کر ابھرے گی۔ ان خیالات کا اطہار انہوں نے بدھ کے روز پیپلزپارٹی ضلع ساہیوال کے صدر محمد ذکی چوہدری کی رہائشگاہ پر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان اختلافات کی افواہیں ایک سازش کے تحت پھیلائی جارہی ہیں اور بلاول بھٹو جلد پاکستان میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عمران خان کے جوڈیشل کمیشن کے مطالبے کی حمایت کرتی ہے اور 2013ء کے دھاندلی زدہ انتخابات کو صرف جمہوریت کی خاطر قبول کیا ہے اسلئے حکومت کو تمام سیاسی جماعتوں کے 2013ء کے انتخابات کے متعلق تحفظات کو دور کرنے کیلئے آزاد جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا اعلان فی الفور کردینا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے منی مارشل نہیں بلکہ دہشت گردی کیخلاف جنگ کیلئے فوجی عدالتوں کی پارلیمنٹ کی نگرانی میں کام کرنے کی اجازت دی ہے تاکہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوسکے کیونکہ دہشت گردی کا نشانہ شہید بے نظیر بھٹو بھی بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اقلیتی برادری کی ہمیشہ کھل کر حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ڈویژنل اور ضلعی ورکرز کنونشن کے انعقاد کیلئے تاریخوں کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔

ورکرز کنونشنز سے پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری خطاب کریں گے۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کے پرانے کارکنوں کی طرف سے ناراضگی کے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ پارٹی میں گروپ بندی جلد ختم کردی جائے گی اس سلسلے میں پرانے اور بانی ورکروں سے رابطہ کیلئے کمیٹیاں بنادی گئی ہیں۔ اس موقع پر ڈویژنل پی پی ساہیوال کے کوآرڈینیٹر مہر غلام فرید کاٹھیا سابق وفاقی وزیر اور ممبر پی پی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور دیگر عہدیدار محمد ذکی چوہدری‘ علی نواز بھٹی‘ ممتاز انصار‘ ذاکر حسین جرال موجود تھے۔۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں