ساہیوال ڈویژ ن میں سیلاب سے 9افراد جا ں بحق ، 59 زخمی

جمعرات 11 ستمبر 2014 14:09

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2014ء) کمشنر ساہیوال ڈویژ ن محمد صدیق شیخ نے کہا ہے کہ حالیہ شدید با رشوں اور سیلاب سے ڈویژن میں 9اموات ہو ئیں جبکہ 59 افراد زخمی ہو ئے جن کو علاج معا لجہ کی مکمل سہو لیات فراہم کی گئیں ہیں ۔ان میں 8 اموات ضلع اوکا ڑہ اور ایک ضلع پا ک پتن میں ہو ئی ۔وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہبازشریف کی ہدایت کے مطابق جا ں بحق ہو نے والے تمام افراد کے ورثا ء کو 16,16 لا کھ روپے امدادی رقم فراہم کی گئی ہے جبکہ مکا نوں اور فصلوں کے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے ۔

اپنے دفتر میں حالیہ بارشوں سے ہو نے والے نقصانات کی تفصیلات بتاتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ متاثرین کی فوری امداد کے لیے ضلع ساہیوال میں 15ریلیف اور ہیلتھ کیمپ اور ضلع اوکا ڑہ میں 12 اور ضلع پا ک پتن میں 18کیمپ قائم کئے گئے ۔

(جاری ہے)

عوام کے جان ومال کے تحفظ اور انہیں فوری طورپر محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لئے ساہیوال میں ریسیکو 1122 کو 4کشتیاں فراہم کی گئیں جبکہ انہیں 40 لائف جیکٹس بھی دی گئیں جن کی مدد سے 140 افراد کو محفوظ مقاما ت پر پہنچایا گیا اور ان تمام افراد کو گورنمنٹ ہا ئی سکول کرم بلوچ میں عارضی رہا ئش فراہم کی گئی ۔

کمشنر محمد صدیق شیخ نے مزید بتایا کہ ضلع ساہیوال میں با رشوں اور دریا ئے راوی کے کٹاؤ سے 7دیہات کے 330 افراد متاثر ہو ئے اور 36 مکا نات کو نقصان پہنچا ۔اسی طرح ضلع اوکا ڑہ کی تحصیل دیپا لپور میں شدید با رشوں سے 216 مکانات تبا ہ ہو ئے اور 34جا نوروں کی اموات ہو ئیں جبکہ ضلع بھر میں 214 متاثرہ دیہات کے 12342 ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا اور 255 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس دوران ضلع ساہیوال میں 79988اور ضلع اوکا ڑہ میں 219358مو یشیوں کو ویکسین دی گئیں تاکہ انہیں بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے ۔۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت دریا ئے راوی میں ہیڈ بلو کی کے مقام پر پا نی کا ڈسچارج 48835 کیو سک اور دریا ئے ستلج میں ہیڈ سلیما نکی کے مقام پر 10809 کیو سک ہے جو کہ نچلے درجے کے سیلاب کو ظاہر کرتا ہے اور اس سے کسی قسم کے مزید نقصان کا کو ئی امکا ن نہیں ہے تاہم تینوں اضلاع کی ضلعی انتظا میہ مسلسل چوکس ہے اور تمام ریلیف اور ہیلتھ کیمپ بھی قائم رکھے جا ئیں گے تاکہ مزید با رشوں کی صورت میں عوام کو فوری مدد فراہم کی جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں