واپڈا تمام تر وعدوں اور دعوؤں کے باوجود لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے میں ناکام،سحر و افطار کے دو ران لوڈ شیڈنگ سے گھروں میں خواتین کو سحری و افطاری بنانے میں دقت کا سامنا،نماز تراویح کے اوقات میں بھی بجلی بند ہونے کی اطلاعات، عوام میں سحر و افطار کے دوران بجلی کی بندش پر شدید غم و غصہ

پیر 22 جولائی 2013 22:26

کراچی/ لاہور/ ساہیوال/حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔22جولائی۔2013ء) واپڈا تمام تر وعدوں اور دعوؤں کے باوجود لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے میں ناکام، سحر و افطار کے دو ران لوڈ شیڈنگ سے گھروں میں خواتین کو سحری و افطاری بنانے میں دقت کا سامنا، نماز تراویح کے اوقات میں بھی بجلی بند ہونے کی اطلاعات، عوام میں سحر و افطار کے دوران بجلی کی بندش پر شدید غم و غصہ پایا جا تا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گرمی کی شدت میں کمی کے باوجود کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ سحر و افطار میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام کے احتجاج میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ شہریوں کو مسلسل اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ برداشت کرنی پڑ رہی ہے۔

(جاری ہے)

شہروں میں دس سے چودہ اور دیہات میں اٹھارہ گھنٹے سے زائد وقت کے لئے بجلی غائب رہتی ہے۔

لاہور میں گرمی کی شدت نمایاں کمی کے باوجود مختلف علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے۔ جس سے سحر و افطار پر لوگوں کا مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کراچی میں سحری کے وقت سے اب تک مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہے۔ ان علاقوں میں ناظم آباد، بفرزون ،نارتھ کراچی،ایف بی ایریا سائٹ، لیاقت آباد اور ملیر شامل ہیں۔ بولان میں تباہ ہونیوالے بجلی کے متاثرہ ٹاورز کی مرمت و بحالی کا کام سْست روی کا شکار ہے۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے سترہ اضلاع میں بجلی تحال بحال نہ ہو سکی ہے۔ کوئٹہ کو متبادل ذرائع اور شہر میں قائم نجی پاور ہاوٴس اور کیسکو کے متبادل پلانٹ سے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ بجلی کی فراہمی میں کمی سے شہر میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ دوسری جانب پنجاب کے بڑے شہرو ں میں بھی لوڈ شیڈنگ نے عوام کو بے حال کر رکھا ہے ۔ حافظ آباد ، سرگودھا ، ساہیوال سمیت صو بہ کے کئی بڑے شہروں میں سحری و افطاری کے دوران لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں