بانی پاکستان قائداعظم کی رہائشگاہ کو بم سے تباہ کرکے پاکستانی پرچم کو اتارنے والوں نے ملکی سالمیت اور وحدت پر حملہ کیا ہے ، ان شرپسند عناصر کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے،سابق وفاقی وزیر اور پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنماء مہر غلام فرید کاٹھیا کی میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 15 جون 2013 20:44

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔15جون۔ 2013ء) سابق وفاقی وزیر اور پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنماء مہر غلام فرید کاٹھیا نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی زیارت کی رہائشگاہ کو بم سے تباہ کرکے پاکستان کے پرچم کو اتارنے والوں نے ملکی سالمیت اور وحدت پر حملہ کیا ہے ایسے شرپسند عناصر کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے۔

وہ ہفتہ کو یہاں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے وزیراعلی ڈاکٹر عبدالمالک اور وزیراعظم نواز شریف کا کڑا امتحان ہے۔ اب بلوچستان لبریشن آرمی کو غیر مسلح کرنے کیلئے حکومت کو سخت ایکشن لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سالمیت پر کوئی محب وطن پاکستانی خاموش تماشائی بن کر نہیں رہ سکتا۔ حکمرانوں کو دہشت گردوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کرکے پاکستان دشمن عناصر کا قلع قمع کردینا چاہئے۔

(جاری ہے)

حکمرانوں کی طرف سے مفاہمتی عمل کو سبوتاژ کرنے والے ملک و قوم کے خیرخواہ ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ زیارت واقعات کی ہائیکورٹ کے جج سے تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داری کو گرفتار کرکے عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ملک دشمن قوتوں کی پشت پناہی کرنے والے اور غیر ملکی مداخلت کاروں اور ان کے ایجنٹوں پر بھی کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے زیارت دھماکہ اور طالبات کی گاڑی میں بم دھماکوں کی شدید مذمت کی۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں