ملک بھر کے عوام نے بجٹ کو مسترد کردیا ہے ‘ اس بجٹ سے مہنگائی کا ایسا طوفان آئے گا جو عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دے گا‘ اسحاق ڈار مجھے بھی خزانہ خالی ہونے کا بہانہ کرکے ملازمین کی تنخواہیں نہ بڑھانے کا مشورہ دیتے رہے‘ پیپلز پارٹی فرینڈلی نہیں حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی‘ پیپلز پارٹی اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں سے سبق حاصل کرے گی‘ ہماری حکومت نے اپنے 85 فیصد اہداف حاصل کئے‘ میری برطرفی کا عدالتی فیصلہ درست نہ ہونے کے باوجود جمہوریت کی بقاء کیلئے عدالتی فیصلہ قبول کیا‘ مجھے امید ہے کہ میرا بڑا جلد ہی بازیاب ہوجائے گا،سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی اپنے بیٹے کے مقتول سکیورٹی گارڈ کے ورثاء سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعہ 14 جون 2013 16:22

ساہیوال (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 14جون 2013ء) سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین یوسف رضا گیلانی نے بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مہنگائی کا ایسا طوفان آئے گا جو عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دے گا‘ اسحاق ڈار مجھے بھی خزانہ خالی ہونے کا بہانہ کرکے ملازمین کی تنخواہیں نہ بڑھانے کا مشورہ دیتے رہے‘ پیپلز پارٹی فرینڈلی نہیں حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی‘ پیپلز پارٹی اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں سے سبق حاصل کرے گی‘ ہماری حکومت نے اپنے 85 فیصد اہداف حاصل کئے‘ میری برطرفی کا عدالتی فیصلہ درست نہ ہونے کے باوجود جمہوریت کی بقاء کیلئے عدالتی فیصلہ قبول کیا‘ مجھے امید ہے کہ میرا بڑا جلد ہی بازیاب ہوجائے گا۔

وہ جمعہ کو موضع بھونی میں اپنے بیٹے علی حیدر کے اغواء کے موقع پر اغواء کاروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے سکیورٹی گارڈ امین سگھلا کے والد اور دیگر عزیز و اقارب سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

گیلانی نے کہا کہ اسحاق ڈار جو کہ میری کابینہ میں پہلے وزیر خزانہ تھے یہ مجھے بھی خزانہ خالی ہونے کا بہانہ بنا کر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے کا مشورہ دیا کرتے تھے لیکن میں نے ان کے مشورے کو قبول نہیں کیا اور ہماری حکومت نے اپنے ہر بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا۔

انہوں نے بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے ہر طبقہ فکر نے مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بجٹ سے مہنگائی کا ایسا طوفان آئے گا جو عام آدمی کی زندگی کو اجیرن بنا دے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرکے اور عام استعمال کی اشیاء پر ٹیکس لگا کر حکومت نے بہت بڑا ظلم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹ میں حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی اور ہم عوام کے حقوق کیلئے کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کریں گے اور دونوں ایوانوں میں پوری اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے اپنے پانچ سالوں میں 85 فیصد اہداف پورے کئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جمہوری کی بقاء کیلئے تمام عدالتی فیصلے قبول کئے جبکہ میری برطرفی کے عدالتی فیصلہ کے بعد راجہ پرویز اشرف کے موقف نے ثابت کیا کہ صدر زرداری کے خلاف سوئس کیسز نہیں کھل سکتے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بینظیر بھٹو کے ویژن کو لے کر آگے بڑھ رہی ہے۔

ہم نے پہلے بھی مفاہمت کی پالیسی اپنائی اور سب کو ساتھ لے کر چلے اور اب پھر مفاہمت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور ہم نے تحفظات کے باوجود نواز شریف کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے اور اپوزیشن میں بیٹھ کر اپنا تاریخی کردار ادا کریں گے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں سے سبق حاصل کرے گی۔ اپنے اغواء شدہ بیٹے کے حوالے سے سید یوسف رضا گیلانی نے اس امید کا اظہار کیا کہ جلد ہی وہ بازیاب ہوجائے گا اور مجھے موجودہ حکومت کی طرف سے بھی یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ علی حیدر کے اغواء کاروں کو گرفتار کرکے اسے بازیاب کرایا جائے گا۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں