ساہیوال ‘معروف صنعتکار شیخ اکرام نے سینکڑوں ساتھیوں سمیت (ن) لیگی امیدوار کی حمایت کا اعلان کر دیا

جمعرات 2 مئی 2013 20:51

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔2مئی۔2013ء) معروف صنعتکار اور شیخ برادری کے سربراہ شیخ محمد اکرام نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ نواز کے امیدواروں کی بھر پور حمایت کا اعلان کر دیا ۔انہوں نے یہ اعلان سابق صوبائی وزیر زکوٰة و عشر ملک ندیم کامران کے ساتھ اپنی برادری کے ایک وفد کے ہمراہ ملاقات میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی صوبائی حکومت نے پچھلے 5 سال کے دوران عوام کے مسائل حل کرنے اور ساہیوال کو تعمیر وترقی کیلئے گرانقدر فنڈز فراہم کر کے جو خدمات سر انجام دی ہیں وہ اس بات کا تقاضا کر تی ہیں کہ پوری قوم متحد ہو کر مسلم لیگ نواز کی حمایت کرے ۔

انہوں نے کہا کہ شہر کی شیخ برادری قومی اسمبلی کے امیدوار پیر سید عمران احمد شاہ اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار ملک ندیم کامران کی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب کروائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ساہیوال کو ڈویژن کا درجہ دینا ، یہاں میڈیکل کالج کا قیام اور قطب شہانہ پل کی تعمیر ایسے کام ہیں جس پر ساہیوال کے عوام ہمیشہ میاں شہباز شریف کے ممنون رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ دگرگرں حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ مسلم لیگ نواز کو بھاری اکثریت سے کامیاب کر کے میاں نواز شریف کو وزیر اعظم بنایا جائے تا کہ ملک کو بہتری کی طرف گامز ن کیا جا سکے ۔سابق وزیر ملک ندیم کامران نے شیخ برادری کی بھر پور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ساہیوال مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے اور پورے ضلع سے پارٹی امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ہی واحد پارٹی ہے جس کی کامیابی سے صحیح معنوں میں عوام جذبات کی ترجمانی ہو گی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا وقار بلند ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں