ملک دشمن طاقتیں پاکستان کی سا لمیت کو نقصان پہنچانے اور جمہوری نظام کو ڈی ریل کرنے کیلئے متحد ہو چکی ہیں ، جوزف کالونی کا واقعہ شیعہ سنی تفریق میں ناکامی کے بعد مسلمانوں اور اقلیتوں میں منافرت پیداکرنیکی مذموم کوشش ہے، اسے باہمی اتحاد اور بھائی چارے سے ناکام بنایا جائے گا ،صوبائی وزیر زکوٰة و عشر ملک ندیم کامران کا طلبہ میں سولر لیمپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

جمعہ 15 مارچ 2013 20:46

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔15مارچ۔ 2013ء) صوبائی وزیر زکوٰة و عشر ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ ملک دشمن طاقتیں پاکستان کی سا لمیت کو نقصان پہنچانے اور جمہوری نظام کو ڈی ریل کرنے کیلئے متحد ہو چکی ہیں اور جوزف کالونی لاہور کا واقعہ شیعہ سنی تفریق میں ناکامی کے بعد مسلمانوں اور اقلیتوں میں منافرت پیداکرنیکی ایک اور مذموم کوشش ہے جسے باہمی اتحاد اور بھائی چارے سے ناکام بنایا جائے گا ۔

وہ جمعہ کو یہاں پوسٹ گریجوایٹ گرلزکالج میں ساہیوال کے تمام گورنمنٹ کالجز کے ذہین طلباء و طالبات میں سولر لیمپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز قاضی عبدالناصر کے علاوہ پرنسپلز پروفیسر شاہین احد ‘پروفیسر ڈاکٹر انوار احمد‘پروفیسر احتشام رضا نقوی ‘پروفیسر اسد اعوان اور مسز جمیلہ کے علاوہ طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک کو دو بڑے مسائل امن و امان کی خراب صورتحال اور انرجی بحران کا سامنا ہے جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہو گا ۔مسلم لیگ ن عوام کی تائید و حمایت سے اگلے انتخابات میں کامیابی کے بعد ان مسائل کو حل کرنے میں تمام وسائل بروئے کار لائیگی تا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر دوبارہ گامزن کیا جا سکے ۔قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز قاضی عبدالناصر نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومت نے ذہین طلباء و طالبات کو وظائف فراہم کر کے ‘لیپ ٹاپ تقسیم کر کے اور اب سولر بلب دے کر تعلیم کے فروغ میں دور رس اقدامات اٹھائے ہیں ۔ بعدازاں ملک ندیم کامران نے ساہیوال شہر کے تمام کالجز کے 28 طلباء و طالبات میں سولر لیمپس تقسیم کیے ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں