ساہیوال، ڈکیتی کی وارداتیں، ڈاکو 60لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار،ڈاکوؤں نے مرغیوں کی خوراک کا ٹرک‘ نقدی اور زیورات سمیت دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا

بدھ 13 مارچ 2013 19:57

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔13مارچ۔ 2013ء) ساہیوال اور گردونواح میں چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈاکے کی چار وارداتوں میں ڈاکوؤں نے 60 لاکھ سے زائد لوٹ لئے‘ ڈاکوؤں نے لوٹ مار کرتے ہوئے مرغیوں کی خوراک کا ٹرک‘ نقدی اور زیورات سمیت دیگر قیمتی سامان بھی لوٹ لیا اور اس دوران تشدد اور فائرنگ سے پانچ افراد کو شدید زخمی بھی کردیا جن میں سے دو کی حالت نازک ہے۔

تفصیلات کے مطابق پہلی واردات چک 64/4R میں محمد یوسف زمیندار کے گھر ہوئی جہاں آٹھ ڈاکوؤں کا ایک گروہ آتشیں اسلحہ سے مسلح ہوکر گھر میں داخل ہوگیا اور زمیندار محمد یوسف‘ اس کے دو بیٹوں محمد سلیم اور عبدالغفار کو تشدد کرکے زخمی کردیا اور اسلحہ کے زور پر خواتین اور بچوں کو یرغمال بناکر کمروں میں بند کرکے 15 لاکھ روپے کی نقدی‘ 25 لاکھ 90 ہزار روپے کے زیورات‘ چار موبائل فون اور لیپ ٹاپ وغیرہ چھین کر فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

چھ گھنٹے تک گھر میں رہے بعد میں فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ دوسری واردات کمیر میں ہوئی جہاں ایک دکاندار مظہر حسین سے تین ڈاکوؤں نے نقدی 17 ہزار روپے چھین لئے اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ تیسری واردات جی ٹی روڈ پر چک 11/4L کے قریب ہوئی جہاں مرغیوں کی خوراک کا لوڈڈ ایک ٹرک نمبر LES-6694 مالیتی 16 لاکھ روپے اور خوراک مالیتی 4 لاکھ 35 ہزار روپے کار سوار چار ڈاکوؤں نے ڈرائیور رضوان اور کنڈیکٹر عبدالجبار کو رسیوں سے درخت کیساتھ باندھ کر ٹرک اور خوراک لے کر فرار ہوگئے۔

چوتھی واردات میں برکت ٹاؤن ساہیوال میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر مقبول احمد اور جاوید کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔ تمام زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ساہیوال داخل کرادیا گیا جہاں دو کی حالت نازک ہے۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں تاہم ابھی تک کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوسکا۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں