وزیر اعلیٰ پنجاب نے قطب شہانہ میں پل او رقطب شہانہ ساہیوال روڈ کی تعمیر کے منصوبے کاسنگ بنیاد رکھ دیا ،پل کی تعمیر سے ساہیوال اور فیصل آباد کے درمیان فاصلہ104 کلو میٹر سے کم ہو کر 52 کلومیٹر رہ جائے گا ‘ منصوبے پر ایک ارب 63 کروڑ 74لاکھ روپے لاگت آئے گی

بدھ 13 مارچ 2013 19:57

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔13مارچ۔ 2013ء) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے دریائے راوی پر قطب شہانہ کے مقام پر پل او رقطب شہانہ ساہیوال روڈ کی تعمیر کے منصوبے کا بدھ کو یہاں ایک تقریب میں سنگ بنیاد رکھا ‘ پل کی تعمیر سے ساہیوال اور فیصل آباد کے درمیان فاصلہ104 کلو میٹر سے کم ہو کر 52 کلومیٹر رہ جائے گا ‘ اس پل کی تعمیر پر ایک ارب 63 کروڑ 74لاکھ روپے لاگت آئے گی۔

پل کی تعمیر کیلئے حکومت نے دریائے راوی کے کنارے 236 ایکڑ اراضی تحویل میں لے لی ہے ۔ حکومت متاثرہ کسانوں کو ان کی زمینوں کا معاوضہ دے گی۔ قطب شہانہ ساہیوال روڈ 77 کروڑ 65 لاکھ 3 ہزار روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ پل کی تعمیر کے لئے 10 کروڑ روپے اور سڑک کی تعمیر کیلئے 25 کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کر دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

پل کی لمبائی 503 میٹر ہو گی اس پل کی تعمیر سے ساہیوال اور فیصل آباد کا درمیانی فاصلہ 104 کلومیٹر سے کم ہو کر صرف 52 کلو میٹر رہ جائے گا۔

وزیر اعلیٰ کی ان منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے ساہیوال انتظامیہ نے ان کی آمد سے پہلے ہی صبح 9 بجے سے ضلع کچہری ساہیوال سے کمیری نیسور چوک ساہیوال تک جانے والے تمام راستوں کو پولیس کی بھاری نفری تعینات کر کے بند کر کے علاقے کو سیل کر دیا جس کی وجہ سے شہریوں اور قریبی چکوک کو جانے والے ہزاروں افراد کو شدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

کئی مقامات پر شہریوں نے اس بارے شدید احتجاج بھی کیا۔ شہریوں نے 6 گھنٹے پہلے ٹریفک بلاک کرنے اور علاقہ سیل کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے ہنگامہ کھڑا کر دیا جس پر پولیس اور انتظامیہ نے 15منٹ کیلئے ٹریفک کھول کر دوبارہ بند کر دی۔ جس پر شہریوں نے دوبارہ احتجاج کیا اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کے احتجاج کو نظر انداز کر کے وزیر اعلیٰ کے جانے تک تمام راستے بند رکھے۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں