ملک دشمن طاقتیں پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے اور جمہوری نظام کو ڈی ریل کرنے کیلئے متحد ہو چکی ہیں ،جوزف کالونی لاہور کا واقعہ شیعہ سنی تفریق میں ناکامی کے بعد مسلمانوں اور اقلیتوں میں منافرت پیداکرنے کی مذموم کوشش ہے ،اسے باہمی اتحاد اور بھائی چارے سے ناکام بنایا جائے گا ،صوبائی وزیر زکوٰة و عشر ندیم کامران کاساہیوال میں ذہین طلباء و طالبات میں سولر لیمپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

منگل 12 مارچ 2013 19:49

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔12مارچ۔ 2013ء) صوبائی وزیر زکوٰة و عشر ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ ملک دشمن طاقتیں پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے اور جمہوری نظام کو ڈی ریل کرنے کیلئے متحد ہو چکی ہیں اور جوزف کالونی لاہور کا واقعہ شیعہ سنی تفریق میں ناکامی کے بعد مسلمانوں اور اقلیتوں میں منافرت پیداکرنے کی ایک اور مذموم کوشش ہے جسے باہمی اتحاد اور بھائی چارے سے ناکام بنایا جائے گا ۔

وہ یہاں پوسٹ گریجوایٹ گرلزکالج میں ساہیوال کے تمام گورنمنٹ کالجز کے ذہین طلباء و طالبات میں سولر لیمپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز قاضی عبدالناصر کے علاوہ پرنسپلز پروفیسر شاہین احد ،پروفیسر ڈاکٹر انوار احمد ،پروفیسر احتشام رضا نقوی ،پروفیسر اسد اعوان اور مسز جمیلہ کے علاوہ طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک کو دو بڑے مسائل امن و امان کی خراب صورتحال اور انرجی بحران کا سامنا ہے جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہو گا ۔مسلم لیگ عوام کی تائید و حمایت سے اگلے انتخابات میں کامیابی کے بعد ان مسائل کو حل کرنے میں تمام وسائل بروئے کار لائے گی تا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر دوبارہ گامزن کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پچھلے پانچ سال میں ساہیوال کے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور انفرا سٹرکچر کی تعمیر پر بھرپور توجہ دی ہے اور اب جبکہ حکومت کی معیاد ختم ہو رہی ہے انہیں اپنی کارکردگی پر مکمل اطمینان ہے انہوں نے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے اور ساہیوال کو جدید اور ترقی یافتہ شہر بنانے کے اپنے خواب کو تعبیر دی ۔

انہوں نے کہا کہ قومی وسائل پر پہلا حق عوام کا ہے جسے پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے اس حق کو ایمانداری کے ساتھ پہنچا کر کسی پر احسان نہیں کیا بلکہ میرٹ کی بالا دستی قائم کر کے ذہانت کو آگے آنے کا موقع فراہم کیا ہے ۔اس سے پہلے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز قاضی عبدالناصر نے اپنے خطاب میں بتایا کہ صوبائی حکومت نے ذہین طلباء و طالبات کو وظائف فراہم کر کے ،لیپ ٹاپ تقسیم کر کے اور اب سولر بلب دے کر تعلیم کے فروغ میں دور رس اقدامات اٹھائے ہیں ۔

بعد میں صوبائی وزیر ملک ندیم کامران نے ساہیوال شہر کے تمام کالجز کے 28 طلباء و طالبات میں سولر لیمپس تقسیم کیے ۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے ڈسٹرکٹ بار ساہیوال کا بھی دورہ کیا جہاں وکلاء نے ان کا بھر پور استقبال کیا اور حکومت کی طرف سے ساہیوال میں ہائی کورٹ بنچ کے قیام کے فیصلے کو انصاف کی بر وقت فراہمی اور متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے میں ایک بڑا قدم قرار دیا ۔بار کے صدر ملک محمد حسین سگھلہ نے صوبائی وزیر کی حمایت اور مدد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وکلاء برادری ساہیوال کی تعمیر و ترقی کیلئے اٹھائے جانیوالے ہر قدم پر ان کا بھر پور ساتھ دے گی ۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں