ساہیوال‘ کراچی جانے والی عوام ایکسپریس کا ہڑپہ کے قریب دوسری مرتبہ انجن فیل ہونے پر مشتعل مسافروں نے علی الصبح لاہور اور کراچی کے درمیان جی ٹی روڈ اور ریلوے ٹریک کو رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیا ‘ تمام ٹرینیں رک گئیں‘ جی ٹی روڈ پر دونوں طرف گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگ گئیں‘ شدید سردی میں ہزاروں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا‘ کئی گھنٹے بعد آنے والے انجن کا ملتان پہنچ کر تیل ختم ہوگیا

پیر 11 فروری 2013 14:13

ساہیوال ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 11فروری 2013ء ) کراچی جانے والی عوام ایکسپریس کا ہڑپہ کے قریب دوسری مرتبہ انجن فیل ہونے پر مشتعل مسافروں نے شدید احتجاج اور ہنگامہ آرائی کرکے پیر کو علی الصبح ساڑھے تین بجے لاہور اور کراچی کے درمیان جی ٹی روڈ اور ریلوے ٹریک کو رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیا جس سے نہ صرف ریلوے کا پہیہ جام بلکہ جی ٹی روڈ پر بھی دونوں طرف گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگ گئیں‘ شدید ترین سردی میں ٹرینوں‘ بسوں ‘ کاروں ‘ ویگنوں اور دیگر ٹرانسپورٹ اور سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا‘ کئی گھنٹے بعد آنے والے انجن کا ملتان پہنچ کر تیل ختم ہوگیا ۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کی رات سواگیارہ جے جب عوام ایکپریس 14ڈاؤن ساہیوال پہنچی تو اس کا انجن خراب ہوگیا ۔

(جاری ہے)

گاڑی کے ڈرائیورز نے نیا انجن طلب کرنے کے لئے اسسٹنٹ سٹیشن ماسٹر کو فوری اطلاع دی لیکن جب کافی دیر تک متبادل انجن نہ آیا تو مسافر مشتعل ہوگئے تاہم ریلوے کے عملہ نے انہیں تسلی دی کہ انجن آرہا ہے اور بالآخر جب تین گھنٹے بعد اسی انجن کو ٹھیک کرکے ٹرین کو چلایا گیا تو ساہیوال سے15کلو میٹر دور پڑپہ کے نزدیک پہنچ کر وہ انجن دوبارہ بند ہوگیا تو ٹرین میں موجود مسافر وں نے شدید اشتعال میں آکر ہنگامہ آرائی شروع کردی ۔

مسافروں نے ریلوے ٹریک کے ساتھ سے گزرنے والی دو رویہ لاہور کراچی جی ٹی روڈ اور ریلوے لائن کو بند کردیا جس سے علی الصبح ساڑھے تین بجے جی ٹی روڈ اور ریلوے ٹریک پر ہر طرح کی ٹریفک بند ہوگئی۔ جی ٹی روڈ بند ہونے سے دونوں اطراف گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگ گئیں جبکہ کراچی سے پشاور آنے جانے والی کئی ٹرینوں کو بھی روکنا پڑا۔ کھلی فضا اور شدید سردی کی وجہ سے ٹرینوں اور دیگر ٹرانسپورٹ میں موجود ہزاروں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

جی ٹی روڈ اور ریلوے ٹریک بند ہونے کی اطلاع ملنے پر ساہیوال سے پولیس موقع پر پہنچی جبکہ اسی دوران متبادل انجن بھی پہنچ گیا تب جا کر دو سے تین گھنٹے گزرنے کے بعد جی ٹی روڈ اور ریلوے ٹریک پر ٹریفک بحال ہوئی۔ دوسری طرف ریلوے کی خستہ حالی کا اندازہ اس سے لگایاجاسکتا ہے کہ جب متبادل انجن ہڑپہ سے عوام ایکسپریس کو لے کر ملتان پہنچا تو وہاں پہنچ کر اس کا تیل ختم ہوگیا ۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں