پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے دوتین ملکوں سے بات چیت چل رہی ہے ،امید ہے مثبت نتائج سامنے آئیں گے، آئی سی سی بھی پاکستان میں کرکٹ کی جلد بحالی چاہتی ہے،بھارت میں پاکستانی کھلاڑیوں کو کسی تنظیم سے خطرہ نہیں،دنیا میں سب سے زیادہ کرکٹ پر جوا بھارت میں ہوتا ہے ، پاکستان میں جوا پر کنٹرول کیلئے حکومت سخت اقدامات کرے ، پاکستانی ٹیم بھارت میں کسی دباؤ میں نہیں آئے گی ، پاکستان میں بہت جلد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو جائے گی ،پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین چودھری ذکاء اشرف کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 6 دسمبر 2012 20:01

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔6دسمبر۔ 2012ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین چودھری ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے دوتین ملکوں سے بات چیت چل رہی ہے ،امید ہے مثبت نتائج سامنے آئیں گے، آئی سی سی بھی پاکستان میں کرکٹ کی جلد بحالی چاہتی ہے جبکہ کرکٹ کھیلنے والے ملک سوچ رہے ہیں کہ پاکستان جانے میں پہل کون کرے؟ ان کا کہناتھاکہ حکومت خواہ کسی جماعت کی ہو ،کرکٹ کی بحالی کے لئے سیکورٹی اداروں کو مل کرکام کرنا ہوگا۔

بھارت میں پاکستانی کھلاڑیوں کو کسی تنظیم سے خطرہ نہیں ،بال ٹھاکرے بیمار تھے تو فون پر ان کی خیریت دریافت کی تھی ۔انہوں نے کہا ضروری نہیں کہ بیٹنگ کوچ پاکستان سے ہو، محمد آصف اور دیگر کھلاڑیوں کی سزامعاف ہوگئی تو انہیں کھلانے پر غورکرسکتے ہیں دنیا بھر میں کرکٹ پر جوا کھیلنے اور کھلاڑیوں کو اس میں شامل کرنے والے بکی سے زیادہ بھارت میں ہیں ،کرکٹ میچز شروع ہوتے ہی پاکستان کے حق میں بھی انٹرنیٹ ،ٹیلی فون ،فیکس کے ذریعے جوا شروع جوجاتا ہے ،گھر بیٹھے ٹیموں کو فیورٹ قرار دیا جاتا ہے ،حکومت کو اس کا روبار کے خلاف کسخت ایکش لینا چاہیے ۔

(جاری ہے)

وہ یہاں مقامی ہوٹل میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔اس موقع پر پیپلز پارٹی ضلع ساہیوال کے صدر ذکی چوہدری ،ڈویژنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر شفقت جاوید ،ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن ضلع ساہیوال کے صدر عظمت چوہدری بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ امید ہے کہ کوئی بھی پاکستانی کرکٹ کا کھلاڑی کسی کے ہاتھوں میں کھیل کر ملک کا نام بدنام نہیں کریگا ،وہ پہلے رونما ہونے والے واقعات سے سبق سیکھ چکے ہیں اس کے باوجود ہمارا پورا دھیان کھلاڑیوں پر رہتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے جارہی ہے ،بھارت کے ساتھ کھیلنے کیلئے ٹیم کا مورال بلند ہے اور کھلاڑیوں کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ،بھارتی عوام بھی پاکستان کے کھلاڑیوں کا استقبال کرنے کو تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے ساتھ ساتھ بھارت کے ساتھ باہمی تعلقات بھی بڑھانا چاہتے ہیں ،بھارت کے ساتھ شارٹ نہیں لانگ ٹرم تعلقات رکھنا چاہتے ہیں ۔

ذکاء اشرف نے کہا کہ بال ٹھاکرے اب دنیا میں نہیں رہے میں نے جب وہ بیمار تھے تو ان کی عیادت کیلئے ٹیلی فون کیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ موت اور زندگی خدا کے ہاتھ میں ہے ہم موت کے آگے جھکنے والے نہیں اور نہ ہی دھمکیوں سے ڈرنے والے ہیں ،بھارتی کرکٹ بورڈ اور حکومت نے ہم سے اچھا تعاون کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے تین غیر ملکی کرکٹ بورڈ کے سربراہوں سے بات چیت جاری ہے ،اچھے نتائج نکلیں گے ،انٹرنیشنل کرکٹ کھلاڑی پاکستان آنے سے خوفزدہ ہیں وہ اس انتظار میں ہیں کہ پہلے کونسا ملک پاکستان جائے گا ،ہم ضرور کسی نہ کسی ملک کو لائیں گے اس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوجائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چاہے کسی جماعت کی حکومت ہو ہمیں ایک قوم بن کر یکجا متحد ہو کر کرکٹ کی بحالی کیلئے سکیورٹی کے انتظامات کے انتظامات کرنے چاہئیں حکومت کے پاس صلاحیت ہے کہ وہ ایسے انتظامات کر سکتی ہے کہ کوئی پر نہیں مار سکتا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے درمیان ہونے والے میچز پوری دنیا میں جوش جذبہ سے دیکھے جاتے ہیں ،اگلے سال انگلینڈ میں ہونے والے دونوں ممالک کے میچ کی ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بیٹنگ کوچ اسے رکھا جائے گا جو کھلاڑیوں کی بیٹنگ اچھی کرنے میں کامیاب ہوگا اس کیلئے پاکستان یا بیرون ممالک سے بیٹنگ کوچ رکھا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سمیت کسی بھی سابق کھلاڑی کو ٹیم کی تربیت کیلئے کہا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ کرکٹ ٹیم کے مصباح الحق ،حفیظ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں ہار اور جیت میں کپتان کے ساتھ ساتھ پوری ٹیم کی کارکردگی دیکھی جاتی ہے صرف کپتان ذمہ دار نہیں ہوتا ،مصباح الحق پریشر میں وکٹ پر کھڑا رہتا ہے لیکن اس کے رنز بنانے کی رفتار سست ہوجاتی ہے ،کھلاڑیوں کی فیلڈنگ کو انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے میعار کے مطابق بنانے کیلئے نرسری کی سطح پر کھلاڑیوں کی تربیت کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جن کھلاڑیوں کو جواء میں سزائیں ہوئی ہیں اگر وہ آئی سی سی میں اپیل کرکے سزا معاف کرالیں تو ان پر غور ہوسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سابق پی سی بی کے حکام سزا پانے والے کھلاڑیوں کا ٹرائل اپنے ملک میں کرتے تو حالات مختلف ہوتے ۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کے فیصلہ کے مطابق آئندہ کرکٹ بورڈ پاکستان کے چیئرمین کاورکنگ … سے انتخاب کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ریجنل کرکٹ تنظیموں کو پی سی بی کی جانب سے جلد مزید فنڈز دیئے جائیں گے ۔صوبائی حکومتوں کے تعاون سے سکول کالج کی سطح پر کرکٹ کے کھلاڑی بنائیں گے ،ملک میں آگلے سال پہلی مرتبہ پریمئر کرکٹ کے مقابلے ہونگے ۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں