پنجاب حکومت نے تمام وسائل کا رخ تعلیم کے فروغ اور ذہین طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں سہولتیں فراہم کرنے کی طرف موڑ دیا ، کوئی بچہ وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں رہے گا ،مسلم لیگ کی حکومت وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں میرٹ کو ہر شعبہ زندگی میں لاگو کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے، اگر عوام نے اگلے انتخابات میں کامیاب کر کے خدمت کا دوبارہ موقع دیا تو زیادہ سے زیادہ وسائل کا رخ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی طرف موڑ دیا جائے گا، صوبائی وزیر زکوٰة و عشر ملک ندیم کامران کا سیمنار سے خطاب

منگل 13 نومبر 2012 16:45

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 13نومبر 2012ء) صوبائی وزیر زکوٰة و عشر ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اپنے تمام وسائل کا رخ تعلیم کے فروغ اور ذہین طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں سہولتیں فراہم کرنے کی طرف موڑ دیا ہے اور اب کوئی بچہ وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں رہے گا ۔ مسلم لیگ کی حکومت وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی قیادت میں میرٹ کو ہر شعبہ زندگی میں لاگو کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے اور اگر عوام نے اگلے انتخابات میں کامیاب کر کے خدمت کا دوبارہ موقع دیا تو زیادہ سے زیادہ وسائل کا رخ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی طرف موڑ دیا جائے گا ۔

وہ یہاں گورنمنٹ کالج میں پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے زیر اہتمام آگہی سیمینار سے خطاب کر رہے تھے جس میں طلباء و طالبات کو فنڈ کے تحت دیے جانیوالے وظائف کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

تقریب میں ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر فرخند شکیل ،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز قاضی عبدالناصر ،پرنسپل پروفیسر انوار احمد اور فنڈکے مینجر نوید احمد نے بھی شرکت کی ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اب تک اڑھائی لاکھ لیپ ٹاپ اور40 ہزار تعلیمی وظائف صرف اور صرف میرٹ پر تقسیم کر چکی ہے جبکہ پچھلے چار سالوں میں اساتذہ کی ہر بھرتی میں میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھا گیا تا کہ کسی مستحق کی حق تلفی نہ ہو ۔انہوں نے کہا کہ وسائل ہر حکومت کے پاس ہوتے ہیں لیکن ان کو سلیقے سے صرف کرنے اور سیاسی بندر بانٹ سے بچانے میں صرف وہی کامیاب ہوتا ہے جس کے دل میں عوام کا درد ہو اور وہ صوبے کی حقیقی ترقی کا خواہاں ہو ۔

صوبائی وزیر نے طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ موجودہ مشکل حالات سے نا امید نہ ہوں اور قائد اعظم کے خوابوں کو تعبیر دینے کیلئے زیادہ محنت اور لگن سے کام کریں ۔اس سے پہلے فنڈ کے مینجر نوید احمد نے بتایا کہ 2009 ء میں قائم ہونیوالا یہ فنڈ اب تک صرف میرٹ پر 40 ہزار بچوں کو تعلیمی وظائف دے چکا ہے جن میں سے 90 فیصد وظائف سرکاری سکولوں اور کالجوں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کیلئے مختص ہیں۔ تقریب میں فنڈ سے وظیفہ حاصل کرنیوالی طالبات صدف ارشاد اور سدرہ امجد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی اس سکیم کو سراہا ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں