محرم الحرام کے موقع پر امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے حکومت نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں،کسی کو تقاریر ،وال چاکنگ یا آڈیو ویڈیو کیسٹس کے ذریعے مذہبی منافرت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،ضلعی انتظامیہ او ر پولیس مقامی سطح پر امن کمیٹیوں کے ممبران ،علمائے کرام اور تاجر نمائندوں کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کر کے ایسے عناصر کی بیخ کنی کریں جو عوام کے درمیان نفرتیں پھیلانے کا سبب بنتے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کے سینئر مشیر سردار ذوالفقار احمد کھوسہ کا اجلاس سے خطاب

منگل 13 نومبر 2012 16:45

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 13نومبر 2012ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے سینئر مشیر سردار ذوالفقار احمد کھوسہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے موقع پر امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے حکومت نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور کسی کو تقاریر ،وال چاکنگ یا آڈیو ویڈیو کیسٹس کے ذریعے مذہبی منافرت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ ضلعی انتظامیہ او ر پولیس مقامی سطح پر امن کمیٹیوں کے ممبران ،علمائے کرام اور تاجر نمائندوں کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کر کے ایسے عناصر کی بیخ کنی کریں جو عوام کے درمیان نفرتیں پھیلانے کا سبب بنتے ہیں ۔

وہ یہاں کمشنر آفس میں ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں صوبائی وزیر زکوٰة و عشر ملک ندیم کامران کے علاوہ چیف سیکرٹری پنجاب ناصر محمود خان کھوسہ ،آئی جی پنجاب حاجی حبیب الرحمٰن ،ہوم سیکرٹری شاہد خان ،کمشنر ساہیوال ڈویژن قاضی محمد اشفاق قریشی ،آر پی او فاروق مظہر خان اور ڈی سی اوز ذوالفقار احمد گھمن ،سیف انجم اور سید حیدر اقبال،ایڈیشنل کمشنر ناصر جمال ہوتیانہ،ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ حبیب جیلانی وینس،اے ڈی سی ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل اور پولیس افسران کے علاوہ ممبرقومی اسمبلی رانا زاہد حسین اور ممبر صوبائی اسمبلی پیر خضر حیات شاہ کھگہ نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے لاؤڈ اسپیکرز کے استعمال اور وال چاکنگ پر لگائی گئی پابندی کو سختی سے نافذ کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ پولیس تمام شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھے تا کہ کوئی شخص پر امن فضا کو خراب نہ کر سکے ۔صوبائی وزیر زکوٰة و عشر ملک ندیم کامران نے اجلاس کو بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں تمام فرقوں کے درمیان مثالی ہم آہنگی ہے اور علماء کے تعاون سے اس پر امن فضا کو بر قرار رکھنے کی بھر پور کوشش کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر امن کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کیے گئے ہیں جس سے باہمی رابطے کو مزید مضبوط کیا گیا ہے ۔اجلاس میں چیف سیکرٹری ناصر محمود خان کھوسہ نے انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ منافرت پھیلانے والے مواد کو فوری ضبط کریں اور علمائے کرام کی طرف سے کی گئی تقاریر کو مسلسل مانیٹر کریں تا کہ کوئی مقرر کسی دوسرے فرقے کی دل آزاری نہ کر سکے ۔

آئی جی پنجاب حاجی حبیب الرحمٰن نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ عاشورہ سے قبل فلیگ مارچ کریں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی پراپرٹی ڈیلر متعلقہ ایس ایچ او کی کلیئرنس کے بغیر گھر کرایے پر نہ دے ۔اس سے پہلے اجلاس کو بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویژن میں ذوالجناح کے 438 جلوس نکلتے ہیں جن میں 182 ضلع ساہیوال 178 ضلع اوکاڑہ اور 74 کا تعلق ضلع پاکپتن سے ہے جن کی حفاظت کیلئے سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے ۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں