ریڑھی بانوں،خوانچہ فروشوں، فوڈ ورکرز، ہینڈلرز کی مفت میڈیکل سکریننگ کا آغاز

محفوظ خوراک کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے ورکرز کا صحت مند اور تربیت یافتہ ہونا ناگزیر ہے‘ نورالامین مینگل

پیر 22 جنوری 2018 22:15

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی اور پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے ٹھیلے، ڈھابوں کے فوڈ ورکرز، ریڑھی بانوں ، خوانچہ فروشوں اورفوڈ ہینڈلرز کی سکریننگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے اور پہلے ہی دن چار سو سے زائد فوڈ ورکرز کے نمونے لے کر پنجاب فوڈ اتھارٹی میڈیکل سکریننگ لیبارٹری میں تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں۔

سکریننگ کے نتائج سرٹیفیکٹ کی صورت میںفوڈ ورکرز کو دیے جائیں گے۔ محکمہ صحت کے تعاون سے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے شروع کیے گئے سکریننگ پراسس میں میڈیکل ٹیسٹ کا عمل مکمل ہونے کے بعد صرف صحت مند اور بیماری سے محفوظ فوڈ ہینڈلرز کو خوراک کی تیاری کی اجازت ہو گی ۔میڈیکل سکریننگ پاس کرنے والے ورکرزکواگلے مرحلے میں سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت فوڈ ہینڈلنگ کی مفت تربیت بھی دی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بلا معاوضہ بلڈ سکریننگ کا مقصدبنیادی سطح تک محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ عوام کو محفوظ ہاتھوں سے تیار کردہ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی اور پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ کے تعا ون سے مون مارکیٹ میں فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا ہے جس میں درجنوں ٹھیلے، ڈھابوں،فوڈ ورکرز، ریڑھی بانوں اورخوانچہ فروشوں نے فری میڈیکل ٹیسٹ کروائے جبکہ سڑک کنارے اشیاء خورونوش فروخت کرنے والوں کی مفت میڈیکل سکریننگ کی گئی ۔

ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ خوراک فروخت کرنے والوں کی اکژیت سڑک کنارے لگے ڈھابوں کی ہے اور عوام کی بڑی تعداد سڑک کنارے لگے ٹھیلوں کے فوڈ ورکرز کی تیار کردہ خوراک استعمال کرتی ہے۔ عوام کو محفوظ ہاتھوں سے تیار کردہ خوراک کی یقینی فراہمی کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی دیگر اداروں کے تعاون سے صوبہ بھر کے خوانچہ فروشوں کے مفت بلڈ ٹیسٹ کر ے گی۔

انھوں نے مزید واضع کیا کہ ٹھیلے، ڈھابوں،ریڑھی بان اور خوانچہ فروش روزانہ کی اجرت پر کام کرتے ہیں۔ان کیلئے لیبارٹری جاکر ٹیسٹ کروانا اور معمولی فیس ادا کرنادشوار تھا اس لئے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ مختلف علاقوں میںکیمپ لگا کر دیگر اداروںکے تعاون سے ان ورکرز کے مفت ٹیسٹ کئے جائیں گے تا کہ عوام تک پہنچنے والی خوراک مکمل محفوظ ہو۔ان کیمپس کا دائرہ کار اگلے مرحلے میں صوبہ بھر تک پھیلایا جائے گا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں