راولپنڈی و چکلالہ کینٹ کے علاقوں میں تجاوزات کی صورتحال سنگین ہو گئی

پیر 22 جنوری 2018 20:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء)راولپنڈی و چکلالہ کینٹ کے علاقوں میں تجاوزات کی صورتحال سنگین ہو گئی ۔شہریوں نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ راولپنڈی و چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈز کے شعبہ انسداد تجاوزات کے لچکدار رویے کی وجہ سے کینٹ کے مختلف علاقوں آدم جی روڈ ،صدر ،احاطہ مٹھو خان ،گوالمنڈی ، 22 نمبر چونگی ، ٹنچ بھاٹہ بازار ،اسلم مارکیٹ ،ڈھوک سیداں روڈ ،مصریال روڈ ،چوہڑ چوک ،کلمہ چوک ، ٹاہلی موہری ،غوثیہ چوک ،لالہ زار میں تجاوزات مافیا ایک بار پھر مکمل قابض ہو چکاہے ۔

تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک جام کے ساتھ ساتھ دیگر کئی مسائل جنم لے رہے ہیں ۔شہریوں اور دکانداروں نے اے پی پی کو بتایاکہ شعبہ انسداد تجاوزات کا عملہ کبھی کبھار چکر لگا کر تجاوزات کے خلاف امتیازی کارروائی کر کے چلا جاتا ہے جس کے تھوڑی دیر بعد ہی ریڑھیاں دوبارہ سڑک پر نظر آنے لگتی ہیں ۔

(جاری ہے)

شہریوں نے مزید بتایاکہ بائیس نمبر چونگی سے بکرا منڈی تک بکرا فروشوں نے فٹ پاتھوں پر قبضہ جما رکھا ہے جبکہ اسی طرح لالہ زار اور دیگر علاقوں میں بھی یہ بکرا فروش فٹ پاتھوں پر براجمان ہیں جنہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ۔

شہریوں نے مطالبہ کیا کہ انسداد تجاوزات عملہ کو ہمہ وقت تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کے لیے شفٹوں میں تعینات کیاجائے بصورت دیگر تجاوزات کی صورتحال مزید بدتر ہو سکتی ہے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں