ٹریفک وارڈنز کی عدم موجودگی سے کہوٹہ میں ٹریفک کے مسائل سنگین ہو گئے

پیر 22 جنوری 2018 18:01

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) کہوٹہ کے شہری ٹریفک جام کی اذیت سے تنگ آگئے ،حکام سے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کر دیا ۔کہوٹہ کے شہریوں مامون عباسی ،ماجد عباسی ،احمد ،خالد و دیگر نے ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ کہوٹہ کی اکثر سڑکوں پر ہر وقت ٹریفک جام کے مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں جس سے نہ صرف شہریوں کا قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ انہیں شدید ذہنی کوفت کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

(جاری ہے)

شہریوں نے بتایاکہ کلر چوک ،پنجاڑ چوک ،چھنی بازار ،مٹور چوک اور ملحقہ علاقوں میں ٹریفک جام کی وجہ سے شہریوں خصوصاً خواتین اور طلباء و طالبات کے لیے شدید ترین مشکلات لاحق ہیں اور ٹریفک جام کی وجہ سے ایمبولینسیں ،دفاتر جانے والے مر د و خواتین بے بس ہو کر رہ جاتے ہیں ۔ایک تاجر نے اے پی پی کو بتایاکہ تجارتی مراکز میں پارکنگ کی ناکافی سہولیات اور ٹریفک جام کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں تباہ ہو کر رہ گئی ہیں ۔شہریوں نے اے پی پی کو بتایاکہ چوکوں چوراہوں میں ٹریفک وارڈنز کی عدم موجودگی کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹرز نے قوانین کی خلاف ورزی کو معمول بنا رکھا ہے جس سے ٹریفک جام کے مسائل سنگین تر ہو گئے ہیں اور شہری ذہنی مریض بن کر رہ گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں