سی پیک انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کانفرنس رواں ماہ بیجنگ میں ہو گی

کانفرنس میں دونوں ممالک کے 200سے زائد تجارتی نمائندگان شرکت کریں گے، زاہد لطیف خان

اتوار 21 جنوری 2018 18:00

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2018ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام سی پیک انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کانفرنس 29جنوری کو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقد ہو گی ۔راولپنڈی چیمبر آف کامر کی ریجنل ٹریڈ کمیٹی کے چیئرمین خورشید برلاس نے اے پی پی کو بتایاکہ پانچ روزہ سی پیک انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کانفرنس 2فروری تک جاری رہے گی۔

کانفرنس کے انعقاد کا مقصد پاک چین اقتصادی راہداری کے تناظرمیں دونوں ممالک کی تاجر برادری کو مختلف النوع تجارتی مواقع کی وسعت بارے آگاہی دینا ہے ۔انہوںنے بتایاکہ سی پیک انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے سلسلہ میں انتظامات و تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔تاجر و صنعتکار اس اہم نوعیت کی کانفرنس میں شرکت کے لیے بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہد لطیف خان نے سی پیک انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کانفرنس کے حوالے سے اے پی پی کوبتایاکہ پاک چین اقتصادی راہداری کے پاکستانی معیشت پر دورس مثبت اثرات مرتب ہوں گے ،پاک چین اقتصادی راہداری کی بدولت پاکستانی اور چینی تاجروں کے لیے مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے کماحقہ آگاہی اور استفادہ کے لیے سی پیک انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کانفرنس کے انعقاد کی ضرورت محسوس کی گئی ۔کانفرنس میں دونوں ممالک کے 200سے زائد تجارتی نمائندگان شرکت کریں گے جن میں مختلف چیمبرز کے ،تاجر تنظیموں اور کاروباری برادری کے نمائندگان شامل ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں