پنجاب میں 2.491 ملین ایکڑ رقبہ دالوں کے زیر کاشت لایا جاتا ہے

پیر 13 نومبر 2017 15:51

راولپنڈی 13نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2017ء) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں دالوں کی پیداوار کا کل 80فیصد پنجاب پیدا کرتا ہے۔ پنجاب میں 2.491 ملین ایکڑ رقبہ دالوں کے زیر کاشت لایا جاتا ہے جس سے 0.42 ملین ٹن پیداوار حاصل ہوتی ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پورا کرنے کیلئے دالوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ناگزیر ہے جس کیلئے محکمہ زراعت پنجاب نے 2014-15 سے دالوں کی پیداوار میں اضافہ اور درآمدی اخراجات میں کمی کیلئے 136.262 ملین روپے کی خطیر رقم سے 2 سالہ منصوبہ پر عملدرآمد کیا۔

اس منصوبہ کے تحت پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ذریعے کاشتکاروں کو دالوں کی ترقی دادہ اقسام مونگ 762760کلو گرام،ماش6400کلو گرام اورمسورکا11000کلو گرام بیج سبسڈی پر فراہم کیاگیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں دالوں کی لائنوں میں کاشت کیلئے 240 ملٹی کراپ ڈرل سبسڈی پر فراہم کی گئیں۔ جڑی بوٹی مار ادویات کے استعمال سے متعلق جدید پیداواری ٹیکنالوجی کی نمائش کیلئے صوبہ میں ماہرین کی زیرنگرانی 1092مقامات پر نمائشی پلاٹس بھی لگائے گئے تاکہ کاشتکار جدید ٹیکنالوجی سے آگاہ ہوکر دالوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کرسکیں ۔

اس منصوبہ کے تحت 260فارمرڈیز منعقد کئے گئے جبکہ 40ہزار کاشتکار اس منصوبہ سے براہ راست مستفید ہوئے۔ترجمان نے مزید کہا کہ چنا، مسور اور دیگر دالوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے حائل رکاوٹوں میں سرفہرست جدید پیداواری ٹیکنالوجی کا عدم استعمال ہے۔ اس منصوبہ کے تحت کاشتکاروں نے دالوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی پر عمل کرکے نہ صرف فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیا بلکہ ان کی درآمد پر خرچ ہونے والے اخراجات میں کمی کرکے قیمتی زرمبادلہ بھی بچایا۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں