قرآن کو ترجمہ کے ساتھ پڑھ کر سمجھنے کا شعور اجاگر کیا جائے،نعیم عصمت

جمعہ 10 نومبر 2017 17:47

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2017ء) قرآن پاک کو ترجمہ کے ساتھ پڑھنے سے ہم احکامات خدا وندی کو سمجھ سکتے ہیں اور قرآن سے رشتہ مضبوط ہو سکتا ہے۔تعلیمات قرآن کی روشنی میں ہم کئی مسائل کا حل تلاش کر سکتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار آئی ایم آئی پاکستان کے صدر نعیم عصمت نے رکوع پروجیکٹ کے تحت تعلیمات قرآن کے برعکس اندھا اور بہرہ مسلمان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیمینار سے آئی ایم ائی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ارشد سلہری نے بھی خطاب کیا۔نعیم عصمت نے کہا کہ بطور مسلمان ہم جس مشکلات اور مسائل شکار ہیں اس کا سبب قرآن سے دوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کو ناظرہ پڑھنے اور تلاوت کرنے سے ہم ثواب تو حاصل کرتے ہیں ، قرآن پاک کا تقدس بھی ہمارے مد نظر ہوتا ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ مجموعی طور پر ہم قرآنی تعلیمات سے بے بہرہ ہیں ۔

(جاری ہے)

نعیم عصمت نے شرکاء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قرآن کو ترجمہ کے ساتھ پڑھ کر سمجھنے کا شعور اجاگر کیا جائے اور قرآن پاک کی تعلیمات کو عام کرنے کیلئے ہرمسلمان آگے بڑھے ۔ارشد سلہری نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمان کی پہچان عمل اور معاملات ہیں ۔ اخلاقی اور سماجی رویے ہی ایک اچھے مسلمان کی شناخت ہیں ۔ قرآن کو سمجھنے سے ہم اپنے معاملات اور عمل کو درست کرسکتے ہیں ۔ ارشد سلہری نے بتایا کہ آئی ایم ائی پاکستان رکوع پراجیکٹ کے تحت قرآن کو ترجمہ کے ساتھ پڑ ھنے کی مہم سمیت مشمولہ مسجد پر بھی کام کر رہی ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں