شجر کاری مہم کے بعد درختوں کی حفاظت کو یقینی بنانا معاشرے کے ہرفرد کی ذمہ داری ہے‘ وزیراعلی بلوچستان کے مشیر برائے خوراک میر ضیاء اللہ لانگو

جمعرات 22 فروری 2018 23:40

کوئٹہ۔ 22فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2018ء) وزیراعلی بلوچستان کے مشیر برائے خوراک میر ضیاء اللہ لانگو نے کہاہے کہ ماحولیاتی آلودگی اور مضر بیماریوں کے خاتمے کیلئے ہر شہری ایک درخت ضرورلگائے، درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے انسانی زندگیوں پر برے اثرات مرتب ہورہے ہیں ،شجر کاری مہم کے بعد درختوں کی حفاظت کو یقینی بنانا معاشرے کے ہرفرد کی ذمہ داری ہے ، درخت اور پودے قدرت کا انمول اور قابل تجدید عطیہ ہے جنگلات کا تحفظ اور ترقی ہمارا قومی وملی فریضہ ہے۔

یہ بات انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ مشیر خوراک میر ضیاء اللہ لانگو نے کہاکہ زندگی کے تمام طبقات کے لوگ شجر کاری مہم میں بڑے چڑھ کر حصہ لیں درختوں کی کمی، کاربن ڈائی آکسائیڈ اور انسانی صحت کیلئے مضر گیسوں کی فضاء میں اضافے سے بیماریاں پھیل رہی ہیں اس لئے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور گلوبل وارنگ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بلوچستان میں بڑے پیمانے پر شجر کاری ناگزیر ہے ۔

(جاری ہے)

مشیر خوراک میر ضیاء اللہ لانگو نے کہاکہ شجر کاری مہم کے بعد درختوں کی حفاظت کو یقینی بنانا معاشرے کے ہرفرد کی ذمہ داری ہے شجرکاری مہم کسی فرد ،محکمے اور حکومت کی ذمہ د اری نہیں بلکہ ایک قومی ذمہ داری ہے اس لئے تمام شہری شجر کاری مہم کے دوران خود پودے اور درخت لگا کر اسا کارخیر میں شامل ہوکر بلوچستان کو سرسبز وشاداب اور خوشحال بنائے ۔انہوں نے کہاکہ وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم آج مستقبل کی فکر کرتے ہوئے صوبے بھر میں جاری شجر کاری مہم کو کامیاب بناکر اپنی اجتماعی وقومی ذمہ داریوں سے عہدہ برا ء ہوں۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں