قلعہ سیف اللہ کے قریب سیکیورٹی اہلکاروں کے ٹرک اور مسافر ویگن میں تصادم ،14افراد ہلاک ،سیکیورٹی اہلکاروں سمیت15افراد زخمی۔زخمیوں کو مسلم باغ اور قلعہ سیف اللہ منتقل کردیا گیا،طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

جمعہ 21 ستمبر 2007 17:23

کوئٹہ+قلعہ سیف اللہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21ستمبر2007) بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کے قریب سیکیورٹی کے اہلکاروں کے ٹرک اور مسافر ویگن میں تصادم کے نتیجے میں14افراد ہلاک اور سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 15افرادزخمی ہوگئے،زخمیوں کو مسلم باغ اور قلعہ سیف اللہ منتقل کردیا گیا جہاں طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث متعدد زخمی چل بسے۔ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز ضلع قلعہ سیف اللہ کے قریب نسئی کے مقام پر ژوب سے کوئٹہ جانے والا سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کا ٹرک مخالف سمت سے آنے والے مسافر ویگن سے ٹکراگیا اور ویگن مکمل طور پر تباہ ہوگئی جس کے نتیجے میں ویگن میں سوار14افراد ہلاک جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 15افرادزخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو فوری طور پر مسلم باغ اور قلعہ سیف اللہ کے ہسپتالوں میں پہنچایا گیا ۔

ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق 6لاشیں مسلم باغ اور8لاشیں قلعہ سیف اللہ کے ہسپتال میں پہنچائی گئیں ہیں۔ہسپتالوں میں آکسیجن ،ادویات اور ضروری طبی امداد نہ ملنے پرمتعدد زخمی چل بسے جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ حادثے کوگھنٹے گزرجانے کے باوجود بھی متعلقہ حکام ہسپتال نہیں پہنچے ۔ہسپتال میں سہولیات کی عدم دستیابی اور متعلقہ حکام کی نا اہلی پر لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا گیاہے ۔

متعلقہ عنوان :

قلعہ سیف اللہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں