کھیلوں کے انعقاد ،کھلاڑیوں کے کلبوں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے اقدامات کرتے رہیں گے، محمد عیسیٰ روشان

ہفتہ 10 فروری 2018 21:41

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 فروری2018ء)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ڈسٹرکٹ چیئرمین محمد عیسیٰ روشان نے کہا ہے کہ مختلف کھیلوںکے ٹورنامنٹوں کے انعقاد کھلاڑیوں کے کلبوں کی ضروریات کو پوری کرنے اور کھیل کود کے ذریعے صحت مندانہ ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے مسلسل اقدامات کرتے رہینگے ۔ صرف پشتونخوامیپ کے منتخب نمائندوں کے دور میں سپورٹس فنڈز سے ہر شعبے کے کھلاڑیوں اور ان کے کلبوں کو معلومات حاصل ہوئی اور ان کا فنڈ سرعام ان پر خرچ کیا گیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل یارو ٹو کے زیر اہتمام آل کوئٹہ پشین شہید انجینئر جہانزیب کاکڑ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس سے علاقائی سیکرٹری نیاز محمد نیاز ، ملک محب کاکڑ ، نیشنل سپورٹس کے عزیز اللہ ،سرکی پاور کے اشرف خان ،غلام مصطفی نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

جبکہ فائنل میچ نیشنل سپورٹس کلب پشین اور سرکی پاور کوئٹہ کے درمیان کھیلا گیا جو سخت مقابلے کے بعد سرکی پاور نے جیت لیا ۔

ڈسٹرکٹ چیئرمین محمد عیسیٰ روشان نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے کی ترقی باعمل، باکردار منتخب نمائندوں اور عوام دوست منتخب حکومتوں کے ذریعے ہی ممکن ہے ۔اور سپورٹس کے شعبے کی ترقی بھی حکومت کے مثبت اقدامات سے ہی ممکن ہے اور کھیل کود کے تمام شعبوں کیلئے فنڈز میں مزید اضافہ بھی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم الشان اجتماع میں موجود تمام لوگ قومی اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے تعلیم کو عام کرنے کی مہم میں ہمارا ساتھ دے ، سکولوں میں اساتذہ کی حاضری اور بچوں اور بچیوں کی مکمل تعدا د کو سکولوں میں داخل کرنے کی کوششوں میں شامل ہوجائیں اور اپنے بچوں اور بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرتے ہوئے ان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرے ۔

انہوںنے کہا کہ ہر علاقے کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈک اسٹاف کی حاضری کیلئے یک آواز ہوجائیںاور علاقے میں چوریوں ،ڈکیتیوں میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف جرات کے ساتھ آواز بلند کرے۔ ہمارے حکومت کے دور میں امن وامان بہتر ہونے کیلئے بھرپور کوششیں کی گئی اور اب پھر مخصوص عناصر ہمارے پر امن ماحول کو خراب کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے جن کے خلاف ہر سطح پر کارروائی ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تمام علاقوں میں منشیات کی وباء کو ختم کرنے کیلئے علاقے کے معتبرین ، سیاسی کارکن ، علماء کرام اور سماجی کارکن متحدہوکر آوا ز بلند کرے ورنہ بلاجواز مصلحت اور مجرمانہ خاموشی ، ہمارے بچوں اور نوجوانوں کی مستقبل کو تباہ وبرباد کردیگی۔ لہٰذا کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے کے ساتھ ساتھ ہر کھیل کے کھلاڑیوں کو مسلسل سہولیا ت کی فراہمی ٹورنامنٹوں کے انعقاد سے ہی نوجوان نسل کو بہتری کی راہ پر ڈالا جاسکتاہے اور ساتھ ہی تعلیم کو عام کرنے کی مہم کو ہر سطح پر عام کرنے سے اپنے بچوں کی مستقبل کو محفوظ کیا جاسکتا ہے ۔

ڈسٹرکٹ چیئرمین نے ٹورنامنٹ کمیٹی ، دونوں ٹیموں اور کمنٹیٹر کیلئے 45ہزار روپے کا اعلان کیا اور کہا کہ ٹورنامنٹوں کے انعامات میں غیرضروری سوینئرز اور دوسرے چیزیں نکال کر صرف ہر کھیل کے کھلاڑیوں کیلئے انعامات ، کھیل کے سامان اور متعلقہ کمیٹیوں کیلئے انعامات رکھنا ضروری ہے۔

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں