قوم عیسائی برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے،صوبائی وزیربلدیات

جمعہ 22 دسمبر 2017 22:44

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 دسمبر2017ء) صوبائی وزیربلدیات سردار مصطفی خان ترین نے کہا ہے کہ قوم عیسائی برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ چرچ پر حملہ کرنے والے اسلامی تعلیمات سے بے خبر ہیں۔نہتے اور معصوم لوگوں کو قتل کرناقابل مذمت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مختلف یونٹوں کے عہدہ داران بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردانسانیت کے دشمن ہیں اور اسلام اور پاکستان کو بدنام کرنے کی ناکام کوشش میں مصروف عمل ہیں۔کوئٹہ چرچ واقعہ نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے۔ امن و امان کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ عوام کے سر و مال کے تحفظ اور حقوق کے حصول کیلئے جہدوجہد جاری رہے گی ۔

(جاری ہے)

عوام کے تحفظ اور توقعات پر پورا اترنے کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دین اسلام اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری اور ان کے ساتھ ہمدردی کا درس دیتا ہے۔ہمیں بھائی چارے کی فضاء کو فروغ دینا ہو گا۔ انہوں نے متاثرین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر افسوس کیا اورمزید کہاکہ دین اسلام اقلیتوں کو تحفظ اور مکمل مذہبی آزادی دیتا ہے۔جبکہ اقلیتوں کے حقوق اور جان و مال کا تحفظ کرناموجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری دینی تعلیمات تمام مذاہب کی عبادت گاہوںکے تحفظ کا درس دیتی ہے۔دہشت گردوں کا کسی مذہب سے تعلق نہیں۔عوام کی فلاح و بہبود کے لئے تمام سیکورٹی اداروں کو مستحکم اور با اختیار بنانا ہوگا ۔دھماکے کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

متعلقہ عنوان :

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں