پارٹی عہدیداروں کو اپنی انفرادی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے اپنی نظریاتی صلاحیتوں کو مزید دوبالا کرنا ہوگا ، رہنمائوں کا خطاب

منگل 31 اکتوبر 2017 22:52

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 اکتوبر2017ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے اپنی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کو بروقت پورا کرتے ہوئے اپنے نظریاتی ، علمی اور تنظیمی صلاحیتوں کو مزید دوبالا کرنا ہوگا اور ابتدائی یونٹوں اور علاقائی اجلاسوں کے انعقاد کو ہر صورت میں یقینی بنا کر پارٹی کو مزید وسیع اور منظم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

منگل کو ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ڈسٹرکٹ چیئرمین محمد عیسیٰ روشان ، مرکزی کمیٹی کے اراکین ضلعی ایگزیکٹو عبدالحق خان ابدال ، علی محمد کلیوال ، امین اللہ بشر اور نعمت اللہ ہیکلزئی نے پارٹی کے ہیکلزئی خدائیداد زئی علاقائی یونٹ کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پیش کردہ تنظیمی رپورٹوں کا جائزہ لیا گیا اور تنظیمی امور سمیت باقی ماندہ ترقیاتی سکیموں کی بروقت معیاری تکمیل سمیت مختلف فیصلے کیئے گئے ۔

انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ اور ان کی قیادت نے ہمیشہ وطن دوست ، عوام دوست فکر اور جمہوری اصولوں پر مبنی جدوجہد کرتے ہوئے عوام کے حق حکمرانی کے حصول کیلئے تاریخی قربانیاں دی ہیں ۔ پشتونخوامیپ اب بھی حقیقی جمہوریت ، آئین وقانون کی حکمرانی ، پارلیمنٹ کی بالادستی ، قوموں کی برابری کیلئے جدوجہد جاری رکھ کر جمہوریت کیخلاف ہر سازش کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کرتی رہیگی۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ پشتون بلوچ مشترکہ صوبے کے ہر شعبہ زندگی میں دونوں اقوام کی عملاً برابری کا اصول تسلیم کروانے اور اس کیلئے آئینی ضمانت حاصل کرنا جنوبی پشتونخوا کے تمام عوام کا حق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پشتونخوا کے اضلاع کے حالیہ مردم شماری میں کمی اور بلوچ علاقوں کے مردم شماری میں غیر قانونی اضافہ بوگس اندراج کا نتیجہ ہے ۔

اس صوبے کے جنوبی اضلاع کے مردم شماری کرنیوالے اساتذہ کے سوا کوئی دوسرے اہلکار نہیں تھے بلکہ ان کے اساتذہ کو کھلا چھوڑ کر بوگس اندراج کی راہ ہموار کی گئی اور آئی ڈی پیز کے نام پر اندراج کی وضاحت سے انکار مردم شماری حکام کی ناکامی اور جانبداری کو ثابت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ اور موجودہ مخلوط صوبائی حکومت کیخلاف دن رات واویلا کرنیوالے درحقیقت پارٹی رہنمائوں کی بہترین کارکردگی اور ہر علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کے مثبت اثرات سے خوفزدہ ہے ہر علاقے میں مین شاہراہوں ، سکولوں ، یونیورسٹیز کے کیمپسز ، بجلی ، زرعی اور پینے کے صاف پانی سمیت ہر شعبہ زندگی میں ہونیوالے ترقیاتی کام برسرزمین موجود ہیںاور ماضی کے نام نہاد نمائندوں کی کروڑوں اور اربوں روپے کی کرپشن اور لوٹ مار بھی ہر علاقے میں ثابت کیا جاسکتا ہے جن کے نمائندوں کو جیل تک جانا پڑا ۔

انہوں نے کہا کہ غیور عوام آئندہ انتخابات میں پشتونخوامیپ کی عوام دوست پالیسیوں اور اقدامات کی حمایت کریگی اور اسلام کے نام پر ہمیشہ عوام کو دھوکہ دینے والوں کو ماضی کی طرح پھر مسترد کردیگی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں نے پارٹی نظم وضبط اور اصولوں کے مطابق اپنی تنظیمی فعالیت دوبالا کرنی ہوگی اور پارٹی پروگرام کو آگے بڑھانے اور پارٹی پلیٹ فارم پر عوام کو متحد کرنے کے کام کو مزید تیز کرنا ہوگا اور تمام نئے شمولیت کرنیوالوں کو اپنے تنظیم کا حصہ بنانا ہوگا۔

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں