اسلام کے مقدس نام پر سالہا سال سے حکمرانی کرنیوالے درحقیقت عوام کے ووٹ کے حق پر یقین ہی نہیں رکھتے، پشتونخواملی عوامی پارٹی

حکمران عوام کے حق حکمرانی کو ہمیشہ اپنے ذاتی وگروہی مفادات کے حصول اور اپنے بینک بیلنس میں اضافے کیلئے استعمال کرتے رہے ہیں، بیان

منگل 10 اکتوبر 2017 23:17

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اکتوبر2017ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ اسلام کے مقدس نام پر سالہا سال سے حکمرانی کرنیوالے درحقیقت عوام کے ووٹ کے حق پر یقین ہی نہیں رکھتے بلکہ وہ عوام کے حق حکمرانی کو ہمیشہ اپنے ذاتی وگروہی مفادات کے حصول اور اپنے بینک بیلنس میں اضافے کیلئے استعمال کرتے رہے ہیں ۔ جس کا ثبوت ماضی میں ان کے منتخب نمائندوں پر ہونیوالے کیسز ہیں۔

ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے مرکزی کمیٹی کے رکن ورکن صوبائی اسمبلی سید لیاقت آغا ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات ڈسٹرکٹ چیئرمین محمد عیسیٰ روشان ، علاقائی سیکرٹریوں صدیق خان چیئرمین ، سید اکبر آغااور ملک اقبال خان ترین نے کلی شبو خدائیداد زئی میں 21سیاسی کارکنوں اور جوانوں کی پشتونخوامیپ میں شمولیت کے موقع پر عوامی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں سے مسلسل بزرگوں ، سیاسی کارکنوں اور جوانوں کی پارٹی میں شمولیت درحقیقت پشتونخواملی عوامی پارٹی کی قیادت ، رہنمائوں ، منتخب نمائندوں اور کارکنوں کی مسلسل جدوجہد اور قربانیوں پر مہر تصدیق ہیں۔ اور غیور عوام پشتونخوامیپ کی عوامی خدمت کو ہر سطح پر سرہاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے نام نہاد نمائندوں نے ہمیشہ عوامی خزانے کو لوٹ کر بدترین کرپشن کے مرتکب ہوئے اور ترقیاتی کاموں کے نام پر غریب عوام پر احسان جتا کر عوامی حق کو اپنا ذاتی فنڈز قرار دیتے رہے اور حکومت اور ان کے اداروں کی غلط تشریح کرکے عوام کو مزید غلامی کی راہ پر گامزن کرتے رہے ۔

انہوں نے کہا کہ تمام حکومتی اداروں کی تشکیل، عوام کے سرومال کی حفاظت سمیت ہر شعبہ زندگی میں عوام کو بنیادی انسانی حقوق اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے مشروط ہیں۔ اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ہونے والا کوئی بھی ترقیاتی کام غریب پر کوئی احسان بلکہ یہ ان کا حق ہے ۔ جبکہ تمام سرکاری اداروں کے تمام ملازمین عوام کے خدمتگار اور منتخب نمائندے ان کے وکیل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دن رات اسلام کے نام پر واویلا کرنیوالوں کے ماضی سے ہمارے غیور عوام اچھی طرح باخبر ہے اور ہمارے عوام کو ان کی تاریخی کرپشن ،لوٹ مار ، ان کے رہنمائوں کی گرفتاریاں وکیسز ماضی کی تاریخ کا المناک باب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ جنوبی پشتونخوا کو اپنے مادر وطن اور ان کے حق ملکیت اور حق حاکمیت سے انکاری ہو وہ ہمارے وطن کے غریب عوام کی نمائندگی کے کبھی بھی اہل نہیں ہوسکتے ۔

لہٰذا غیور عوام ایسے عناصر کو ہمیشہ کیلئے مسترد کردیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پارٹی کے ہر سطح کے منتخب نمائندوں نے اپنے عوام سے کیئے گئے وعووں پر عملدرآمد کرتے ہوئے بنیادی مسائل حل کرنے کی بھرپور کوششیں کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع پشین میں وومین یونیورسٹی کا کیمپس ، کوئٹہ یونیورسٹی کا کیمپس ، لاء کالج کا کیمپس ، بوائز اور ڈگری گرلز کالجز میں بی ایس پروگرام کا اجراء ، پرائمری ، مڈل اور ہائی سکولوں کی ، منظوری ، تعمیر، اپ گریڈیشن ، سڑکوں وڈیموں کی تعمیر ، بجلی اور صاف پینے کی فراہمی ، زراعت کی ترقی ، طلباء کو وظائف ، غریب مریضوں کو علاج معالجہ اور سپورٹس فنڈز کے ذریعے مسلسل کھیلوں کے انعقاد سمیت مختلف اقدامات تمام عوام کے سامنے ہیں۔

ماضی کے ان نمائندوں سے یہ پوچھنا ضروری ہے کہ سالہا سال تک عوام کے نام پر حاصل ہونیوالی اربوں روپے کے فنڈز کہا خرچ ہوئے اور آج کسی بھی علاقے میں برسرزمین کوئی شائبہ تک نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آنیوالے انتخابات میں ہمارے غیور عوام ایسے تمام عناصر کو مسترد کرتے ہوئے پشتونخوامیپ کو ہی بھرپور کامیابی دلائیگی۔ پشتونخوامیپ نے ہر فورم پر اپنے غیور عوام کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے ان کے مسائل اجاگر کرتے ہوئے مشکلات کے خاتمے کیلئے مسلسل جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں