پشتونخواملی عوامی پارٹی کی سیاسی فکر وجدوجہد ، عدل وانصاف ، حق وسچائی کا ساتھ دینے سے مشروط ہے، صوبائی ترجمان

جمعہ 6 اکتوبر 2017 01:27

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اکتوبر2017ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کی سیاسی فکر وجدوجہد ، عدل وانصاف ، حق وسچائی کا ساتھ دینے سے مشروط ہے اور پارٹی کے عہدیداروں کارکنوں ،ہمدردوں نے ہر قسم کے گھمبیر حالات میں ظلم وجبر اور ناانصافی کے خلاف اور مظلوم عوام کی حمایت کی جدوجہد کو آگے بڑھاتے ہوئے ہمیشہ باطل کیخلاف سینہ سپرد رہنا ہے ۔

ان خیالات کا ظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری صوبائی وزیر بلدیات سردار مصطفی خان ترین ،ڈسٹر کٹ چیئرمین محمد عیسیٰ روشان ، میئر سید شراف آغا ،علاقائی سیکرٹری کلیم اللہ خان ، سید عبداللہ جان پہلوان اور حاجی سید عبدالخالق نے کلی بالا اسماعیل زئی میں 29افراد کی جمعیت سے مستعفی ہوکر پشتونخوامیپ میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اکتوبر کے شہدا سمیت وطن کے تمام شہدا کی تاریخی قربانیاں قابل تقلید ہیں اور ان عظیم شہدا کی یاد کو ہمیشہ تازہ رکھ کر ان کے ارمانوں کی تکمیل کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک پاکستان کا استحکام حقیقی جمہوریت ،آئین وقانون ، پارلیمنٹ کی بالادستی ، قوموںکی برابری اور ہر شعبہ زندگی میں انصاف پر مبنی نظام میں ہیں جمہوریت کے خلاف سازشیں کرنے اور دن رات واویلا کرنے والے درحقیقت غریب عوام کی حق حکمرانی کو چھیننے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے ملک کی سیاسی جمہوری قوتوں کا فرض بنتا ہے کہ جمہوریت کیخلاف سازش کرنیوالوں کے خلاف متحد ہوکر اپنا قومی فرض ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کیخلاف جاری سازشیں اور وقت سے پہلے انتخابات کا مطالبہ درحقیقت ملک میں عدم استحکام پید ا کرنے کی سازش ہیں جو قابل مذمت ہیں۔ ا نہوں نے کہا کہ ہر سیاسی فکر، سیاست ا ورجدوجہد ان اعلیٰ انسانی اسلامی اصولوں ، اقدار اور خصوصیات کے تابع ہونا چاہیے جس پر تمام انسانیت متفق ہیں اور اس کے برعکس دروغ گوہی ، واویلا اور سیاست کی غلط تشریح کرنیوالے عوام دوستی کے بجائے عوام دشمنی کے مرتکب ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ریاست اور ان کے تمام حکومتی اداروں کی تشکیل بلا امتیاز تمام عوام کی سرومال کے تحفظ اور انہیں ہر شعبہ زندگی میں بنیادی حقوق کی فراہمی اور ترقی وخوشحالی سے مشروط ہیں۔ عوام پر احسان جتانے والے درحقیقت ذاتی وگروہی مفادات کیلئے ہمیشہ بددیانتی سے کام لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں لاقانونیت ، بدامنی اور شر پسندی کو ہوا دینے والے قابل گرفت ہیں غیور عوام ایسے عوام دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہوجائیں۔

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں