تعلیمی معیار کی بہتر ی کو یقینی بنانے کے ہر طرح کے وسائل بروئے کار لائینگے ، سیکرٹری اطلاعات پشتونخواملی عوامی پارٹی محمد عیسیٰ خان

سرکاری تعلیمی اداروں کیخلاف جاری ہر سازش کوناکام بناکر غریب معصوم طلباء وطالبات کو علم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ، بیان

بدھ 7 جون 2017 23:28

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جون2017ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ڈسٹرکٹ چیئرمین محمد عیسیٰ خان روشان نے کہا ہے کہ تعلیمی معیار کی بہتری اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے اور غریب طلباء وطالبات کو سہولیات کی فراہمی سمیت ہر سطح پر تعلیم عام کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ وسائل بروئے کار لائینگے ۔ سرکاری تعلیمی اداروں کیخلاف جاری ہر سازش کوناکام بناکر غریب معصوم طلباء وطالبات کو علم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔

وہ کلی ہیکلزئی ہائی سکول میں طلباء میں یونیفارم کی تقسیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔جس سے استاد عبدالظاہر خان ترین اور ہدایت اللہ نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ چیئرمین پشین محمد عیسیٰ خان روشان اور اساتذہ کرام نے سکول کے طلباء میں یونیفارم کے جوڑے تقسیم کیئے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے خطاب کرتے ہوئے کہا ہر سطح پر تعلیم عام کرنا اور معیاری تعلیم کی فراہمی اور ہر شعبہ زندگی میں میرٹ کی بالادستی ہی غریب عوام کے بچوں کا مستقبل محفوظ بناسکتی ہے ۔

معاشرے کے تمام ذمہ دار باشعور افراد اور اداروں نے مل کر معیاری تعلیم کی مفت فراہمی اور میرٹ کی بالادستی یقینی بنانے کیلئے متحد ہوکر جدوجہد مزید تیز کرنی ہوگی۔انہوںنے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں ہمارے غریب عوام کی مکمل اکثریت کے بچے زیر تعلیم ہیں۔ اور یہی تعلیمی اداروں نے ماضی میں بہترین تعلیم کی فراہمی یقینی بناکر ہر شعبہ زندگی میں ماہرین دیئے ہیں اب بھی یہی تعلیمی ادارے اور ان کے اساتذہ یہ صلاحیت رکھتے ہیں۔

لیکن مخصوص مافیا سرکاری تعلیمی اداروں کی بحالی ان میں معیاری تعلیم کی فراہمی اساتذہ و طلباء اور طالبات کی حاضری ، سالانہ شرح داخلہ میں اضافہ کرنے اور ان تعلیمی اداروں کو مختلف سہولیات کی فراہمی سمیت انہیں ملنے والے مختلف فنڈز طلباء وطالبات کی ضرورتوں کے مطابق خرچ کرنے کی راہ میں رکاوٹیں ڈال کر اپنے ذاتی وگروہی مفادات کے حصول کیلئے سرگرداں ہیں۔

لیکن اس مخصوص مافیا اور ان کے منفی سوچ اورکردار کے خاتمے کیلئے ہر سطح پر جدوجہد کرینگے اور ان عوام دشمن عناصر کو ضرور اپنے انجام تک پہنچائینگے ۔ جبکہ موجودہ صوبائی حکومت نے تعلیمی بجٹ میں اضافے کے ساتھ ساتھ ہر سطح پر سرکاری تعلیمی اداروں کی بحالی اور اس میں معیاری تعلیم کی فراہمی کے حصول کو ممکن بنانے کیلئے مسلسل اقدامات کررہی ہیں اور اب اس کے مثبت اثرات ہمارے مختلف علاقوں میں نمایاں ہیں ۔ لہٰذا صوبائی جمہوری حکومت اس سال کے نئے بجٹ میں محکمہ تعلیم کیلئے سب سے زیادہ بجٹ رکھ کر تعلیم کے شعبے کو مزید اہمیت دے اور غریب عوام کے بچوںکو مفت تعلیم کی فراہمی کی جاری کوششوں کو مزید تقویت دیں۔

متعلقہ عنوان :

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں