برف باری اور بارشوں سے نقصانات کا ازالہ اور غریب عوام کو ریلیف دینا صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کی ذمہ داری ہے،پشتونخواملی عوامی پارٹی

جمعرات 26 جنوری 2017 23:31

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جنوری2017ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ڈسٹرکٹ چیئرمین محمد عیسیٰ روشان نے کہا ہے کہ برف باری اور بارشوں کے دوران ہونیوالے نقصانات کا ازالہ اور غریب عوام کو ریلیف دینا صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کی ذمہ داری ہے ۔ لہٰذا صوبائی حکومت کی جانب سے جاری ریلیف کا کام مزید وسیع کرنااور اس کیلئے مزید فنڈز کی فراہمی ضروری ہے۔

اور غریب عوام کو خوردنی اشیاء اور مال مویشیوں کے لئے چار ے کا بندوبست انتہائی ضروری ہے ۔ وہ زورکان کے علاقے میں ایک ہفتے سے راستوں کے بندہونے اور محصور افراد میں پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کیئے گئے خیموں، خوردنی اشیاء اور ترپالوں کی تقسیم کے موقع پر بات چیت کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پشتونخوامیپ کے رہنماء ڈاکٹر حبیب الحق ، ریاض محمود ، غڑکی لیویز تھانہ کے انچارج نعمت خان اور متعلقہ سٹاف بھی موجود تھے۔

ڈسٹرکٹ چیئرمین محمد عیسیٰ خان روشان نے کہا کہ ضلع پشین کے علاقے گوال ، رود ملازئی ایریا، مین غرشینان ، دمڑان ، پانی شاخ ، تارن اوبشتگی ،نصیر خان ، چرمیان ایریا، مرغہ ذکریا زئی کے پہاڑی علاقے ، برشور ، توبہ کاکڑی ایریا، سرخانزئی تا حرمزئی تک دونوں اطراف کربلا سرانان اور اجرم کے ایریا میں ریلیف کا کام بہت ضروری ہے ۔ پی ڈی ایم اے حکام اور صوبائی حکومت ان علاقوں کیلئے ضروری سامان کی فراہمی پر توجہ دیں جبکہ ڈپٹی کمشنر طارق الرحمن بلوچ ، اسسٹنٹ کمشنر مہران خان اور پشتونخوامیپ کے رہنماء عبدالحق ، موسیٰ خان ترین ، محمد ولی اور یونین کونسل چیئرمین نقیب اللہ کی نگرانی میں کلی ملیزئی میں متاثرہ افراد میںپی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ ریلیف سامان تقسیم کیا گیا ۔

اس کے بعد ڈپٹی کمشنر ضلع پشین طارق الرحمن بلوچ اور ان کے متعلقہ سٹاف کے ساتھ کلی علی زئی کلی یٰسین زئی، کلی حرمزئی، لمڑان ، کربلا اور کلی ہیکلزئی کا دورہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر پشین نے مختلف مقامات پر متاثرہ لوگوں میں ریلیف کا سامان تقسیم کیا اور ہر علاقے میں ہونیوالے نقصانات کا جائزہ لیا۔ اور متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا ۔ بالخصوص کلی حرمزئی میں زمین میں پیدا ہونیوالی دراڑ کا معائنہ کیا اور ان سے عوام کو درپیش خطرات کا جائزہ لیا ۔

پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ڈسٹرکٹ چیئرمین محمد عیسیٰ خان روشان نے صوبائی حکومت ، پی ڈی ایم اے پر زور دیا کہ وہ اپنے ریلیف سامان کی فراہمی میں تیزی لائے کیونکہ ضلع پشین کے بہت سے علاقوں میں اب بھی مزید ریلیف کی ضرورت ہے مختلف گائوں کی سطح پر اب بھی چھوٹے راستے بند ہے کئی علاقوں میں ابھی تک بجلی بحال نہیں ہوئی جبکہ ضلع پشین کے اطراف میں گیس پریشر کی کمی نے مزید مشکلات پیدا کی ہے ۔

لہٰذا عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے جبکہ آج ڈسٹرکٹ چیئرمین محمد عیسیٰ خان روشان اور تحصیلدار اللہ نور کی ہدایت پر پانی شاخ ، تارن اوبشتگی ، غرشینان ، دمڑان کا راستہ کھولنے کیلئے بڑے ٹریکٹر کا بندوبست کیا گیا جو متعلقہ علاقے کے راستوں کو بحال کرینگے۔

متعلقہ عنوان :

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں