پشین ، پی ڈی ایم اے کے حکام ضلع پشین میں عوام کواشیاء خوردونوش فراہم کریں ، پشتونخواملی عوامی پارٹی

بدھ 25 جنوری 2017 23:43

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جنوری2017ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع پشین کے جاری کردہ بیان میں پی ڈی ایم اے کے حکام پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ضلع پشین میں حالیہ برفباری اور بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں غریب عوام کو سخت ترین مشکلات کا سامنا ہے بالخصوص زور کان ، رود ملازئی ، دومڑان، چرمیان ایریا، مرغہ زکریا زئی کے ساتھ پہاڑی علاقے برشور ایریا، توبہ کاکڑی ، سرخانزئی سے حرمزئی تک مین روڈ کے ساتھ طویل آبادی اور پہاڑی سلسلے کی آبادی ، بادیزئی ایریا ،سرانان ایریااور اجرم ایریا سمیت مختلف علاقوں میں خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے غریب عوام کو اشیاء خوردونوش کی شدید ضرورت ہے کیونکہ غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزارنے والے افراد روزانہ کی بنیاد پر مزدوری کرتے ہیں لیکن حالیہ برفباری اور مسلسل بارش کے بعد انہیں بدترین مشکلات کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ کئی علاقوں میں غریب عوام کے سینکڑوں مویشی مرچکے ہیں اور ان کے پاس مویشیوں کا چارہ نہیں۔ بالخصوص زور کان ، رود ملازئی کے اندرون پہاڑی سلسلے اور توبہ کاکڑی کے پہاڑی سلسلوں میں سینکڑوں مویشی ہلاک ہوچکے ہیں ۔ جبکہ یہ صورتحال پی ڈی ایم اے حکام پر واضح کر چکے ہیں لیکن ابھی تک کسی بھی علاقے میں غریب عوام کی مدد نہیں کی گئی ہے ۔ بیان میں پی ڈی ایم اے حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ضلع پشین کی اس صورتحال کو مد نظر رکھ کر فوری طور پر اقدامات اٹھائیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اس سلسلے میں مختلف علاقوں کے حوالے سے پی ڈی ایم اے کے حکام کے ساتھ رابطے کر چکے ہیں اور مختلف سامان کی ڈیمانڈ بھی کی ہے ۔

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں