پشتونخوامیپ کی جمہوری جدوجہد قربانیاں اور عوامی خدمت ہر سطح پر نمایاں ہے،پشتونخواملی عوامی پارٹی

ہفتہ 10 دسمبر 2016 21:56

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 دسمبر2016ء)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری صوبائی وزیر بلدیاتی سردار مصطفی خان ترین ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری میئر سید شراف آغا اور رکن مرکزی کمیٹی عبدالحق خان نے کہا ہے کہ پشتونخوامیپ کی جمہوری جدوجہد قربانیاں اور عوامی خدمت ہر سطح پر نمایاں ہے ۔ عوام کی پارٹی میں جوق در جوق شمولیت پارٹی پالیسیوں اور اقدامات پر مہر تصدیق ہے ۔

جبکہ مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر صرف اخباری پروپیگنڈوں کے ذریعے اپنے آپ کو زندہ رکھنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے ۔ وہ کلی شخالزئی میں حاجی محمد رمضان کی سربراہی میں 56افراد کی جمعیت اور ترین قومی موومنٹ سے مستعفی کوپشتونخوامیپ میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے پشتونخوا وطن کے عوام کو درپیش ہر مسئلے پر بروقت ادراک کرتے ہوئے ان کے حل کیلئے آواز بلند کی ہے اور ہر قسم کی قربانی دی ہے ۔

پشتونخوامیپ پشتونخوا وطن کی وحدت ، قومی تشخص کی بحالی ، قومی واک واختیار کے حصول مادری زبانوں کو قومی زبان کا درجہ دلانے ، قومی برابری ، پارلیمنٹ کی بالادستی ، آئین وقانون کی حکمرانی کی جدوجہد کو عام کرنے اور ملک کے جمہوری قوتوں کو ان نکات پر متحدکرنے میں ہمیشہ تاریخی کردار ادا کیا ہے ۔پشتونخوامیپ ہی نے پشتونخوا وطن میں سیاسی بیداری اور قومی دلیری کی لہر کو پیدا کرکے قوم کوامن ، ترقی اورخوشحالی کی جدوجہد کی راہ پر متعین کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے قوم کے حقوق واختیارات کے حصول کی جدوجہد میں ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور یہاں عوام کو ووٹ کا حق دلانے اور انہیں جمہوری اثرات سے بہرمند کرنے کاسہرا بھی خان شہید کی جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ کی فکری اور تاریخی جدوجہد کی بدولت ہی پشتون ملت کو اپنی سرزمین ان کی جغرافیائی حدود اور قومی تشخص سمیت ہر شعبہ زندگی کے حقوق کا درس حاصل ہوا جو خان شہید کی وژن کا عکاس ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے صوبائی حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے ہر سطح پر عوامی خدمت اور عوام کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے ۔ ہر شعبہ زندگی میں ترقیاتی کام نمایاں ہے بڑے بڑے شاہراہوں کی تعمیر ، تعلیمی اداروں کے قیام ، ہسپتالوں کی فعالیت ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، بجلی اور زراعت کی بحالی ، طلباء کو سکالر شپ اور نادار مریضوں کی امداد سمیت تمام اقدامات عوام کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے کرپشن لوٹ مار اور انارکی کے ذریعے ہر شعبہ زندگی کو تباہ بربا د کرکے رکھ دیا تھا اور سرکاری محکموں کی حالت زار کو تباہ وبربادکرتے ہوئے انہیں اپنے ذاتی مفاد کیلئے استعمال کرتے رہے اور حکومتی نظم وضبط کو برباد کرکے صرف ذاتی وگروہی مفادات کو ترجیح دی ۔آج وفاداری کے دن گھانے والوںنے ماضی میں تمام صوبے پر بدترین بدامنی اور لاقانونیت مسلط کرکے حکومتی رٹ ختم کرکے عوام کو ڈاکوئوں ، چوروں ، بھتہ خوروں کے حوالے کیا تھا ۔

انہیں ماضی کی بدترین کرپشن کی یاد ستاتے ہوئے دن رات موجودہ حکومت کیخلاف بلا جواز پروپیگنڈوں میں مصروف ہے ۔ جبکہ پشتون بلوچ صوبے کے غیور عوام ان کے ماضی اور حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ ہمیشہ کی طرح غیورعوام کی رہنمائی کا کردار ادا کرتے ہوئے ملت کو ہر قسم کی مشکلات سے نجات دلانے کیلئے ہر قسم کے گھمبیر حالات میں اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی اور اپنے عوام کو ترقی وخوشحالی اور پرامن زندگی کے مقام تک پہنچا کر رہیگی۔

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں