جعلی ڈگری کیس ،سابق صوبائی وزیر علی مدد جتک بیان ریکارڈ کرانے کیلئے (کل)سیشن کورٹ میں طلب،قلعہ عبداللہ سے سابق ایم این اے حاجی روزالدین کے کیس کی سماعت (کل) تک ملتوی ،الیکشن کمیشن نے نوابزادہ طارق مگسی ، محمد اکبر مگسی ، سنیٹر اسرار اللہ زہری ، سنیٹر محبت خان مری ، سنیٹر ریحانہ یحییٰ بلوچ اور سابق وفاقی وزیر سردار عمر گورگیج کو 5 اپریل کو طلب کرلیا

بدھ 3 اپریل 2013 23:33

کوئٹہ/پشین(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔3اپریل۔ 2013ء) جعلی ڈگری کیس میں سابق صوبائی وزیر اور پیپلزپارٹی کے امیدوار علی مدد جتک کو عدالت نے بیان ریکارڈ کرانے کے لئے جمعرات 4 اپریل کو طلب کرلیا جبکہ قلعہ عبداللہ کے سابق ایم این اے حاجی روزالدین کی کیس کی سماعت کل ( جمعرات ) تک ملتوی کردی دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق اپوزیشن لیڈر نوابزادہ طارق مگسی ، محمد اکبر مگسی ، سنیٹر اسرار اللہ زہری ، سنیٹر محبت خان مری ، سنیٹر ریحانہ یحییٰ بلوچ اور سابق وفاقی وزیر سردار عمر گورگیج کو 5 اپریل کو طلب کرلیا ۔

بدھ کو ایڈیشنل سیشن جج vi عبدالحکیم کاکڑ کی عدالت میں سابق صوبائی وزیر علی مدد جتک کی جعلی ڈگری کیس سے متعلق کیس کی سماعت میں تفتیشی آفیسران نے اپنے بیانات قلمبند کروائے جس کے بعد عدالت نے علی مدد جتک کو کل ( جمعرات ) کو بذات خود پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرنے کی ہدایت کی واضح رہے کہ علی مدد جتک نے شاہ عبدالطیف بھٹائی یونیورسٹی خیر پور سے بی اے کی ڈگری پیش کی تھی یونیورسٹی کی جانب سے تصدیق نہ ہونے پر ڈپٹی الیکشن کمیشن نے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی سفارش کی تھی ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء قلعہ عبداللہ سے تعلق رکھنے والے سابق ایم این اے حاجی روز الدین جن کا گزشتہ روز وارنٹ گرفتاری جاری ہوا تھا بدھ کو عدالت کے سامنے پیش ہوئے جس پر عدالت نے کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کرتے ہوئے گواہان کو نوٹس جاری کردیا ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سابق اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اور موجودہ سنیٹروں کو جن میں نوابزادہ طارق مگسی ، محمد اکبر مگسی ، سنیٹر اسرار اللہ زہری ، سنیٹر محمد خان مری ، سنیٹر ریحانہ یحییٰ بلوچ اور سردار عمر گورگیج کو جعلی ڈگری کیس کے حوالے سے 5 اپریل کو طلب کرلیا اور ساتھ ہی یہ بھی ہدایت کردی کہ اگر وہ پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف یکطرفہ کاروائی کی جائے گی ۔

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں