بلوچستان : زلزلے سے درجنوں افراد وبائی امراض میں مبتلا

پیر 3 نومبر 2008 11:08

پشین (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 3نومبر 2008 ء) حالیہ ہو لناک زلزلے سے متاثرہ ضلع پشین کے بیشتر علاقوں میں درجنوں افراد وبائی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ شدید سردی کے باعث ہزاروں افراد کھلے آسمان کے نیچے بے سروسامان بیٹھے ہیں ۔سردی سے سب سے زیادہ بچے اور خواتین متاثر ہو رہے ہیں جب کہ بچوں میں نمونیا ، ملیریا ، بخار اور نزلہ زکام سمیت متعدد بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں ۔

ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل کیمپوں کی کمی کے باعث متاثرین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے اور وہ طبی امداد کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب زیارت میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں تا حال امداد نہیں پہنچ سکی ہے ۔متاثرین کے مطابق شدید سردی اور غذائی اجناس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔لوگ ساری ساری رات کھلے آسمان کے نیچے آگ جلا کر اس کے ارد گرد بیٹھ جاتے ہیں اور امداد کا انتظار کرتے رہتے ہیں ۔

جب کہ انتیس اکتوبر کو آنے والے زلزلےکے بعد اب تک چھ سو آفٹر شاکس ریکارڈ کئے جاچکے ہیں۔ زلزلہ پیما مرکز کوئٹہ کےمطابق یہ آفٹر شاکس کوئٹہ اور بلوچستان کے شمالی علاقوں‌ زیارت،ہرنائی ،سنجاوی ،خانوزئی،پشین میں ریکارڈ کئے گئے ہیں ۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق آفٹر شاکس کا سلسلہ مزید پانچ روز تک جاری رہے گا ۔

متعلقہ عنوان :

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں