ڈرگ کنٹرول اور فارمیسی سروسز کے نام سے نئے ڈائریکٹریٹ کے قیام کا فیصلہ

جمعرات 1 مارچ 2018 20:14

پشاور۔یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2018ء) صوبے میں صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے صوبائی حکومت نے ڈرگ کنٹرول اور فارمیسی سروسز کے نام سے نئے ڈائریکٹریٹ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ۔سیکرٹری صحت عابد مجید نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ مجوزہ ڈائریکٹریٹ کے قیام کے لئے ایک جامع اور تفصیلی سمری تیا ر کی جائے ۔

جمعرات ہونے والے ایک اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری ( (Drugsمحمد ابراہیم نے بریفنگ دیتے ہوئے مجوزہ منصوبے کے اغراض ومقاصد اور افادیت پر روشنی ڈالی ۔سیکرٹری صحت عابد مجید نے اس موقع پر کہا کہ فوری طور پر ایک جامع سمری تیار کی جائے جسمیں مجوزہ ڈائریکٹریٹ سے متعلق تمام تفصیلی نکات واضح ہوں ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ خیبر پختون خوا پہلاصوبہ ہے جو ڈرگ کنٹرول اور فارمیسی سروسز کے لئے ایک الگ ادارے کا قیام عمل میں لارہا ہے ۔

(جاری ہے)

مجوزہ ڈائریکٹریٹ کے دائر ہ اختیار میں ڈرگ کنٹرول ، فارمیسز ، ڈرگ ٹسٹنگ اور تجزیاتی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔واضح رہے کہ ڈائریکٹریٹ جنرل ہیلتھ سروسز کے پاس پہلے سے کئی ایک ذمہ داریا ں ہیں تاہم ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسز کے لئے الگ ادارے کے قیام سے نہ صرف ڈائریکٹریٹ جنرل ہیلتھ پر بوجھ کم ہوگا بلکہ صوبے میں ڈرگ اینڈ فارمیسی خدمات کی فراہمی کا نظام بھی بہتر اور موثر ہوگا ۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ صوبے کے بڑے ہسپتالوں میں کوالیفائیڈ فارماسسٹس کی خدمات فراہم کی جارہی ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں ڈویژنل اور ضلعی سطح پر فارمسسٹس کی خدمات کو یقینی بنایا جائیگا ۔مجوزہ ڈائریکٹریٹ کے قیام سے نہ صرف فارمیسی کے شعبے سے متعلق افراد کو ترقی اور استعداد کا ر بڑھانے میں مدد ملے گی بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا کہ جہاں ادویات ہوں گی وہاں مستند فارماسسٹ کی خدمات بھی دستیاب ہوںگی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں